گرمی کی لہر برقرار، سورج کی تپش سے عوام نڈھال، درجہ حرارت 45 سینٹی گریڈ ریکارڈ، بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ

May 15, 2022

سکھر +پیرجوگوٹھ(بیورو رپورٹ +نا مہ نگار)گرمی کی لہر برقرار، سورج کی تپش سے عوام نڈھال، درجہ حرارت 45 سینٹی گریڈ ریکارڈ، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، سکھر روہڑی سمیت گرد ونواح کے علاقوں میں گرمی کی لہر بدستور برقرار ہے۔ سکھر، روہڑی، صالح پٹ، کندھرا، سنگرار، علی واہن، اروڑ، بچل شاہ میانی، باگڑجی، تماچانی سمیت گرد و نواح کے علاقوں کو کئی دن سے شدید گرمی کی لہر نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ درجہ حرارت 45سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔ گرمی کی شدید لہر کے ساتھ ہی ٹھنڈے مشروبات اور برف کی مانگ بھی کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ پیرجوگوٹھ گرمی نے شدت اختیار کرلی درجہ حرارت 45ڈگری رکارڈ ، جبکہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور آنکھ مچولی نے بھی عوام کو سخت مشکلات میں ڈال دیا، لوگوں نے گرمی سے بچنے کیلئے تناور درختوں، نہروں اور مشروبات کا سہارا لینا شروع کردیا، جبکہ طبی ماہرین نے بھی عوام کو لو سے بچنے کیلئے پانی اور مشروبات زیادہ سے زیادہ پینے کا مشورہ دیا ہے۔