آل راؤنڈر اینڈریو سائمنڈز کار حادثے میں ہلاک، دنیائے کرکٹ سوگوار

May 16, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آسٹریلیا کے عالمی شہرت یافتہ کرکٹر اینڈریو سائمنڈز ساحلی شہر ٹاوئنز ویل کے قریب ٹریفک حادثے میں ہلاک ہوگئے۔ شین وارن کے بعد آسٹریلین اور عالمی کرکٹ کے لئے چند ہفتوں کے دوران یہ دوسرا بڑا سانحہ ہے۔ آسٹریلین پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ رات 11بجے کے بعد پیش آیا۔ گاڑی میں 46سالہ شخص سوار تھا جو زخموں کی تاب نہ لاسکا، ایک شخص نے متاثرہ شخص کو بچانے کی کوشش کی تھی۔ سائمنڈز کی فیملی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اظہار ہمدردی کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ سائمنڈز نے 198ون ڈے، 26ٹیسٹ اور 14ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں شرکت کی۔ وہ دو مرتبہ ورلڈ چیمپئن اسکواڈ کا حصہ بھی رہے۔ واضح رہے کہ رواں سال 4 مارچ کو آسٹریلیا کے لیجنڈری لیگ اسپنر شین وارن بھی حرکت قلب بند ہوجانے کی وجہ سے انتقال کرگئے تھے۔ ان کے انتقال پر کرکٹ کی دنیا سوگوار ہے۔ پی سی بی چیئر مین رمیز راجا، پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، وسیم اکرم، شعیب اختر، شاہد آفریدی، وقار یونس ، برائن لارا اور دنیا کے کئی مشہور کھلاڑیوں نے ان کے انتقال کو کرکٹ کے لئے بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ ان کی پیدائش برمنگھم میں ہوئی تھی اور انھوں نے انگلینڈ کاؤنٹی کرکٹ کلبز کینٹ، گلوسٹرشائر، لنکاشائر اور سرے کی طرف سے کاؤنٹی کرکٹ کھیلی۔ ان کے پاس کاؤنٹی چیمپئن شپ مقابلوں میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ بھی تھا، انھوں نے 1995میں گلوسٹر شائر کی جانب سے گلمورگن کے خلاف16چھکے مارے تھے۔ گذشتہ ہفتے بین ا سٹوکس نے ان کا یہ ریکارڈ برابر کیا ہے۔ سائمنڈز نے ون ڈے کرکٹ میں 5088رنز بنائے اور 133وکٹیں بھی لیں۔