لوڈشیڈنگ کم نہ ہوسکی ،شدید گرمی میں صارفین پریشان،شلبہ کیلئے امتحانات کی تیاری میں مشکل

May 17, 2022

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ)جڑواں شہروں میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کم نہ ہوسکی اورآئیسکو کے دعوئوں کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔شدید گرمی میں بغیر اطلاع بجلی بندش نے صارفین کو عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے ۔ بعض جگہوں پر مرمت کے نام پر صارفین کو تسلی دی جارہی ہے۔ادھر شہر کے مختلف علاقوں میں 2,2 گھنٹہ کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس میں ویسٹریج سٹی سرکل ، طارق آباد، اڈیالہ، کینٹ سرکل شامل ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ بجلی کا شارٹ فال بڑھ جانے سے مجبوراً لوڈمینجمنٹ کی جارہی ہے۔ صارفین نے بتایا کہ شدید گرمی میں بغیر اطلاع کے بجلی کی بندش نے عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے۔ دریں اثناء راولپنڈی اسلام آباد میں6 سے8گھنٹے بجلی کی بندش سے جہاں گھریلو زندگی بری طرح متاثر ہو گئی ہے وہیں پر کاروباری طبقے کے لئے معمولات جاری رکھنا اور طلبا وطالبات کے لئے امتحانات کی تیاری ناممکن ہو گئی ہے۔ دن رات کے اوقات میں بجلی کی طویل بندش نے طلبا و طالبات کو انتہائی اذیت ناک صورتحال سے دوچار کر دیا۔ وفاقی دارلحکومت کے علاقوں کھنہ ڈاک ، کھنہ ایسٹ ، مدینہ ٹائون ،قطبال ٹائون ،راجہ نصیب اللہ ٹائون ،شکریال ایسٹ اورچوہدری فرمان علی ایونیو کے علاوہ راولپنڈی کے علاقوں صادق آباد ، مسلم ٹائون ، خرم کالونی ، آفندی کالونی ، ڈھوک کالا خان طارق آباد سمیت اندرون شہر گنجان علاقوں میں وقت بے وقت کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ نے روز مرہ کے معمولات درہم برہم کر دیئے۔ عوامی حلقوں کے مطابق اس وقت جڑواں شہروں میں تعلیمی سیشن اختتام کی جانب رواں دواں ہے فیڈرل بورڈ کے علاوہ پنڈی بورڈسمیت تعلیمی ادروں کی سطح پر بھی سالانہ امتحانات کا آغاز ہو چکا ہے لیکن یومیہ 6سے8گھنٹے اور بعض علاقوں میں10گھنٹے تک بجلی کی بندش سے طلباو طالبات کے قیمتی سال کا ضیاع کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ اس ضمن میں رابطہ کرنے پرآئیسکو کے ترجمان راجہ عاصم نے بتایا کہ بجلی کا شارٹ فال بڑھ جانے کے باعث 16مئی سے ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا شیڈول ترتیب دیا گیا ہے تاہم اس سے زائد وقت کسی بھی علاقے میں بجلی کی بندش متعلقہ سب ڈویژن کا مسئلہ ہو سکتا ہے جس میں ایسا ممکن ہے کہ لوڈ بڑھ جانے کے باعث یا فیڈر ٹرپ کرجاتے ہوں یا کسی فنی خرابی کی وجہ سے بریک ڈائون آتا ہو تاہم کسی جگہ بھی بجلی کی غیر ضروری بندش کی اجازت نہیں ہے ۔ گزشتہ روز طارق آباد سب ڈویژن کے علاقوں میں 14 گھنٹے بجلی بند رہی جس سے بچے عورتیں بوڑھے گرمی سے بلبلا اٹھے ۔ فنی خرابی پر لوڈ کو دوسری طرف شفٹ کر دیا جاتا ہے مگر ایسا نہ ہوسکا ۔اس سلسلہ میں جنگ نے آئیسکو کے سی ای او سے بھی رابطہ کیا مگر حکام ان کو بھی ٹال مٹول سےمطمئن کرتے رہے ۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلہ میں ایکسئین، ایس ڈی او کو سی ای او نے طلب کیا تھا۔دریں اثناء پیر کو رات گئے دھمیال سب ڈویژن اور قائداعظم سب ڈویژن کے علاقوں میں بجلی کی طویل بندش اور ٹرپنگ کیخلاف عوام علاقہ سڑکوں پر نکل آئے اور چکری روڈ لنک موٹر وے انٹر چینج بلاک کر دی۔ اُنہوں نے آئیسکو حکام کیخلاف شدید نعرہ بازی کی اور مطالبہ کیا کہ تمام علاقوں کی بجلی بحال اور غفلت کے مرتکب حکام کیخلاف کارروائی کی جائے۔