پچانوے فیصد معدنی ذخائرتاحال دریافت نہیں، ڈاکٹر ثمر مبارک مند

May 18, 2022

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) معروف سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند نےکہاہے کہ پاکستان قدرتی معدنیات کے خزانے سے مالامال ملک ہے، تاہم پچانوے فیصد معدنی ذخائرتاحال دریافت نہیں کیے جاسکے ہیں،انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایئریونیورسٹی میں منعقدہ دوسری عالمی فزکس کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر ثمر کا کہنا تھا کہ دورِ حاضر میں ایجوکیشن، ہیلتھ کیئر اور ڈیفنس سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی کیلئے فزکس کے علم کی اہمیت مسلمہ ہے۔ایئر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ایئر مارشل (ر)جاوید احمد کا کہنا تھا کہ ایئر یونیورسٹی نے عالمی وباء کورونا کے دوران آن لائن ایجوکیشن سمیت مختلف اہم ایشوز پر دسترس حاصل کی، انہوں نے امید ظاہر کی کہ دوروزہ کانفرنس کے دوران رینیؤبل انرجی، کلائمیٹ چینج اور گلوبل وارمنگ جیسے عالمی ایشوز پر سیرحاصل بحث کی جائے گی۔