نگراں وزیراعظم کیلئے پنڈی اسلام آبادمیں انٹرویو ہو رہے ہیں‘ شیخ رشید

May 19, 2022

اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ‘ایجنسیاں)سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے ستمبر میں الیکشن کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہےکہ نگراں وزیراعظم کے لیے معیشت دانوں کے انٹرویوزراولپنڈی اسلام آباد میں ہو رہے ہیں۔اسلام آباد میں میڈیا سےگفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ 31 مئی سے پہلے فیصلے ہوں گے ‘ یہ جتنی دیر کریں گے اتنی اپنے لیے سیاسی قبر کھودیں گے، بہتر ہے لانگ مارچ سے قبل الیکشن کی تاریخ دی جائے۔ ہرگزرتے دن کے ساتھ ان کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جائے گا یہ حکومت زیادہ دیرقائم نہیں رہ سکتی‘یہ اداروں سے ایک سال کی گارنٹی کی بھیک مانگ رہے ہیں‘آصف زرداری نے (ن) لیگ کو وہاں مارا ہے جہاں ان کوپانی نہ ملے۔انہوں نے کہا کہ نیب، ایف آئی اے اوراے این ایف میں سماعت کی پیروی نہ کرنے کی تیاریاں ہورہی ہیں۔