APNS اور وائس آف پنجاب میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

May 21, 2022

لاہور( پ ر) آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی اور وائس آف پنجاب کے مابین مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط ہوئے۔ الحمرا میں چیئرمین ریجنل پریس کمیٹی اے پی این ایس ممتاز اے طاہراور وائس آف پنجاب کے پروجیکٹ ڈائریکٹر انعم علی عباسی نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس بات پر باہمی اتفاق کیا گیا کہ اے پی این ایس (ریجنل پریس کمیٹی) اور وی او پی (وائس آف پنجاب) پنجاب کے مختلف ریجنل ایریاز کو فائدہ پہنچانے کے لیے مارچ 2023 تک اسٹریٹجک شراکت دار رہیں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئےممتاز اے طاہر نے کہادونوں ادارے میڈیا اور متعلقہ موضوعات پر سیمینارز، ورکشاپس اور تقریبات کا اہتمام کریں گے تاکہ قابل عمل میڈیا توسیعی ماڈل کے لیے نتیجہ خیز مکالمہ شروع کیا جا سکے۔ ریجنل پریس اور وائس آف پنجاب اپنے اپنے ایریاز میں امن، ثقافت، سیاحت اور حب الوطنی کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گے۔ یہ مشترکہ منصوبہ ریجنل میڈیا کی ڈیجیٹل تبدیلی( بشمول یوٹیوب چینلز اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز)میں سہولت فراہم کرے گا دونوں ادارے صحافتی اخلاقیات اور اقدار کو فروغ دیتے ہوئے پرنٹ جرنلزم کو فروغ دینے اور نوجوان صحافیوں کی شخصیت سازی کے لیے مل کر کام کریں گے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اے پی این ایس کی ممبر پبلیکیشنز اپنے معیار پر پورا اترنے والے قابل انٹرنز کو ملازمتوں کی پیشکش بھی کریں گی۔