سندھ HEC کے زیراہتمام دو روزہ ریسرچ اینڈ ٹیکنالوجی نمائش اختتام پذیر

May 21, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میںسندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام این ای ڈی یونیورسٹی کے اشتراک سے دو روزہ ’’ریسرچ اینڈ ٹیکنالوجی شوکیس2022‘‘ نمائش اختتام پذیر ہوگئی۔ اس ایونٹ کا مقصد سندھ کی سرکاری و نجی جامعات کے طلبہ اور اساتذہ کی جانب سے مقامی سطح پر تیار کی گئی مصنوعات کو ملکی انڈسٹری کے آگے پیش کرنا ہے تاکہ ان مصنوعات کو مقامی سطحپر تیار کرنے کے لئے راہیںتلاش کی جا سکیں اور ڈالر میںدرآمدی بل کو کم کیا جا سکے۔ اس کانفرنس میںسندھ کی سرکاری و نجی جامعات کے طلبہ اور اساتذہ نے بڑے پیمانے پر شرکت کی، 95؍ سے زائد اسٹالز پر 350؍ مقامی سطح پر تیار کردہ اشیاء، گیجیٹس، مصنوعات اور دیگر اشیاء عوام اور مقامی انڈسٹری کے سامنے پیش کی گئیں۔ کانفرنس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ اپنی نوعیت کی پہلی کانفرنس ہے جس میںتعلیمی اداروںاور انڈسٹریز کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کیلئے اہتمام کیا گیا تھا۔ کانفرنس کی اختتامی تقریب کے چیف گیسٹ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ کے وزیر اسماعیل راہو نے اپنے خطاب میں سندھ ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر طارق رفیع، سیکریٹری سندھ ایچ ای سی معین الدین صدیقی اور دیگر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ بہت ہی اہم ایونٹ تھا جس میںتمام اسٹیک ہولڈرز نے بہت محنت کی، تجسس بھی تھا کہ اسٹوڈنٹس کیا کچھ لیکر آئے ہیں دکھانے کیلئے، لیکن یہاںآنے کے بعد بہت ہی خوشی ہوئی کہ طلبہ اس قدر ذہانت کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ کے سیکریٹری مرید راہموں نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا ایک بہترین ایونٹ تھا۔