بلوچستان بھر میں الخدمت فائونڈیشن کی ٹیمیں موجود ہیں‘ عبدالشکور

May 21, 2022

کوئٹہ(پ ر) ا لخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر عبدالشکور نے کہاہے کہ ملک بھر میں فلاحی کاموں کی روشن تاریخ ہے ۔صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں الخدمت کی فعال ٹیمیں موجود ہیں، سول ہسپتال گوادر وتربت کو چھ کروڑ روپے کا سرجیکل سامان فراہم کیا،امسال صوبہ بھر میں ساڑھے بارہ کروڑ روپے کے منصوبے مکمل کئے گئے گوادر میں لیبارٹری وچائلڈپروٹیکشن سینٹر مکمل کیاجائیگا، بلوچستان کے ساڑھے چارسو یتیموں کی کفالت ،کم آمدنی والے ضروت مندو ں کو راشن وبڑی عید پر قربانی گوشت کی فراہمی سمیت مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ کوئٹہ میں جلد جدید ہسپتال قائم کیا جائیگا ۔ مختلف اضلاع میں ایمبولینس ،لیب وچھوٹے ہسپتال قائم کئے جارہے ہیں۔یہ سب مخیر حضرات کے تعاون سے جاری ہے،انہوں نے کہاکہ گوادرپاکستان کا چہرہ ہے ،گوادر ترقی کریگا تو بلوچستان سمیت پوراپاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا ،بلوچستان میں غربت بے روزگاری بہت زیادہ ہے ،حکومت وفلاحی تنظیموں کو اس جانب خصوصی توجہ دینی چاہئے ۔بلوچستان کے مختلف اضلاع میں عوام انسانی حقوق سے محروم ہیں، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے سلسلے میں ہماری جدوجہد جاری ہے ۔الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان بھر میں سماجی فلاحی شعبوں میں خدمات فراہم کر رہی ہے۔