زراعت کی بہتری میں مکھیوں کا اہم کردار ہے، ثاقب عطیل

May 21, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں ڈیپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن کے زیر اہتمام ایک روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔اس کانفرنس کا بنیادی مقصد شہد کی مکھیوں اور پولی نیٹر مکھیوں کا تحفظ اور ان کی فصلات میں اہمیت کو اجاگر کرنا تھا ۔کانفرنس میں امریکہ بھارت نیپال اور پاکستان کے سائنسدانوں سمیت پانچ سو سے زائد سائنسدانوں اور شرکاء نے شرکت کی ۔کانفرنس کی صدارت سیکرٹری ایگریکلچر ساؤتھ پنجاب ثاقب علی عطیل اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کی ۔اس موقع پر وائس چانسلرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ زرعیہ ملتان اس وقت لوسن کے بیج کی مکھیوں کے ذریعے پیداوار کے تجربات کر رہی ہے جس سے ملکی درآمدات میں نمایاں کمی ہوگی ۔اس سلسلے میں زرعی یونیورسٹی ملتان کینیڈا کے ساتھ ایک پروجیکٹ پر کام کر رہی ہے اسے پنجاب ایگریکلچر ریسرچ بورڈ کی مالی معاونت حاصل ہے ،سیکرٹری ایگریکلچر جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ زراعت میں پولی نیٹر مکھیوں کا بہت اہم کردار ہے اور پاکستان میں 10000مگس بان 1200ٹن شہد پیدا کرتے ہیں ۔جنوبی پنجاب کی مختلف فصلات جیسے کہ تیل دار کینولہ سورج مکھی کا تیل چارہ جات لوسن جنتر اور آم کی پیداوار پولی نیٹر مکھیوں کی وجہ سے بہتر ہوتی ہے،پروفیسر ڈاکٹر شفقت سعید نے بتایا کہ انسٹیٹیوٹ آف پلانٹ پروٹیکشن پولی نیٹر مکھیوں کے تحفظ کے لیے سرگرم ہے ۔تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد، ڈاکٹر عمر فاروق ڈاکٹر نعیم اللہ ڈاکٹر عبدالقیوم ڈاکٹر مدثر علی ڈاکٹر فواد احمد خان، فکیلٹی اور طلباء و طالبات نے بھی شرکت کی ۔