• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نشتر ہسپتال ،شعبہ حادثات میں جدید نیورولاجیکل کیئر یونٹ اور سٹروک سینٹر کا افتتاح

ملتان(سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے نشتر ہسپتال کے شعبہ حادثات میں جدید نیورولوجیکل کیئر یونٹ اور اسٹروک سنٹر جبکہ شعبہ انتہائی نگہداشت (آئی سی یو) کی توسیع و اپ گریڈیشن کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے فالج اور دماغی چوٹ میں مبتلا مریضوں کو فوری، معیاری اور جدید طبی سہولیات میسر آئیں گی۔اس موقع پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی، ڈپٹی کمشنر ملتان نعمان صدیق، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نشتر ہسپتال ڈاکٹر راؤ امجد علی خان سمیت سینئر ڈاکٹرز اور انتظامیہ کے افسران شریک تھے۔کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کہا کہ نیورولوجیکل کیئر یونٹ کے قیام سے مین آئی سی یو پر دباؤ میں نمایاں کمی اور ہنگامی مریضوں کو بروقت علاج ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے بتایا کہ نیا قائم ہونے والا اسٹروک سنٹر دس بیڈز پر مشتمل ہے،کمشنرنے مزید کہا کہ شعبہ انتہائی نگہداشت (آئی سی یو) کی توسیع اور اپ گریڈیشن کے بعد جدید مانیٹرنگ سسٹمز اور بین الاقوامی معیار کی سہولیات دستیاب ہو گئی ہیں، انہوں نے دونوں منصوبوں کو صحت عامہ کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے کہا کہ گزشتہ سال نشتر ہسپتال میں فالج کے دس ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے، ایسے میں اسٹروک سنٹر کا قیام ایک ناگزیر ضرورت تھا،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راؤ امجد علی خان نے نشتر ایلومینائی کی جانب سے جدید طبی آلات اور مشینوں کے عطیہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ نشتر انتظامیہ اور ایلومینائی کے باہمی تعاون سے عوامی فلاح کے لیے جدید طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہوئی ہے، جو صحت کے شعبے میں ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔
ملتان سے مزید