ادارےطاقتور ہونے کا احساس نہ دلائیں،حکومت مدت پوری کریگی،فضل الرحمٰن

May 23, 2022

پشاور، شیر گڑھ (جنگ نیوز )جمعیت علمائے اسلام اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ادارے طاقتور ہونے کا احساس نہ دلائیں ، حکومت مدت پوری کرے گی ، ہم نے جلسوں میں کہا تھا کہ ہم حکومت کو سنبھال لیں گے اور سنبھال بھی لی، 4 سال کی خرابی چار دن میں نہیں سدھر سکتی ہے، کسی کا دماغ خراب ہے کہ وہ لانگ مارچ کرنے آئیگا، عمران مکھیاں مارنے اسلام آباد آئیں گے ، بڑا چیلنج ملک کو اٹھانا ہے ، انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے موجودہ قومی حکومت اپنی مدت پوری کریگی اسمبلیا ں تحلیل ہونے کی باتیں افواہوں کے سوا کچھ نہیں، سابقہ حکومت نے معاشی تباہی اور مسلم دنیا کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی دنیاکے ساتھ بھی تعلقات خراب کرکے ان کے اعتماد کو ٹھیس پہنچایا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں قبائلی مشران اور تاجروں کے جرگہ سے خطاب، دار العلوم شیرگڑھ میں سابق ایم این اے اور جے یو آئی کے ضلعی امیر مولانا محمد قاسم کی والدہ ماجدہ کی تعزیت اور بعد میں ممتاز کاروباری شخصیت اور جمعیت کے دیرینہ کارکن حاجی وزیر محمد (مرحوم) کی کی وفات پر ان کے بیٹے حاجی شریف خان کے ساتھ تعزیت کے سلسلے میں ان کی رہائشگاہ پر میڈیا کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو تباہ کردیا گیا ملک دیوالیہ ہوچکا ہے بڑا چیلنج ہے، یہ ملک ہم سب کا ہے، مشکل حالات میں سب کو ایک ہونا ہوگا، چین نے کہا ہے کہ دنیا آپ کا ساتھ دینا چاہتی ہے، ہمارے لانگ مارچ کا ریکارڈ کسی کا باپ نہیں توڑ سکتا، تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی کوئی اہمیت نہیں ہے، یہ لوگ اسلام آباد مکھیاں مارنے آئیں گےسیاسی لحاظ سے عمران خان ایک لاش ہے، کروڑ لوگ بھی کھڑے ہوں تو یہ لاش زندہ نہیں ہوسکتی، ملکی اور قومی معاملات میں عوام کی شراکت کی بات ہوتی ہے، دنیا میں اگر کمزور ہے تو وہ جمہوریت ہے، پوری دنیا میں کمزور قوموں کے حقوق پامال ہوتے ہیں، جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، عوام کی منشا کے مطابق فیصلے کرنا ہوں گے،عالمی قوتیں چاہتیں ہیں ہم تقسیم درتقسیم ہو جائیں۔