جوئے خانوں اور منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی تیاریاں

May 24, 2022

ملتان (سٹافرپورٹر)ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب نے جوئے خانوں اور منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کر دیے ۔اس سلسلے میں ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں جرائم پیشہ افراد کی فہرستیں مرتب کر کے ان کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔جرائم پیشہ افراد کا ریکارڈ اکٹھا کرنے میں خفیہ اداروں سے مدد لی گئی ہے۔ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے لیے ساؤتھ پنجاب میں کوئی جگہ نہیں انہوں نے کہا کہ جوئے اور منشیات فروشی جیسے مکروہ دھندوں میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کر کے قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا۔تمام ٹاؤٹ مافیاز جو پولیس کی بدنامی کا باعث بنے ہوئے ہیں انکی تھانے میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔اس آپریشن کی نگرانی اے آئی جی آپریشنز ساؤتھ پنجاب کریں گے۔مزید یہ کہ جنوبی پنجاب میں ریکارڈ یافتہ مجرمان کے خلا ف آپریشن البدر بھی جاری ہےجس میں اب تک 2729مجرمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس نے کہا کہ ساؤتھ پنجاب کو جرائم پیشہ افراد سے مکمل طور پر پاک کرنا ہے جس کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔