ملتان(سٹاف رپورٹر)میپکو نے رواں مالی سال 2025-26ء کے دوران جنوبی پنجاب میں 2لاکھ51ہزار سے زائد کنکشنوں پر بجلی چوری پکڑ لی۔بجلی چوروں کو 2ارب 33کروڑروپے جرمانہ عائد کیاگیا اور ایک ارب60کروڑروپے جرمانہ وصول کرکے خزانے میں جمع کروایاگیا۔ میپکو کی سالانہ رپورٹ کے مطابق اسی دورانئے میں 7055 بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کروانے کے لئے درخواستیں بھیجی گئیں جن میں سے 6254ایف آئی آرز کا اندراج ہوا،ملک بھر کی تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے مقابلے میں میپکو نے پہلی بار ٹی اینڈ ڈی لائن لاسز میں 2.1(دو اعشاریہ ایک)فیصد کی ریکارڈ کمی کی جس سے کمپنی کو 4ارب 74 کروڑ روپے کا مالی فائدہ پہنچا۔ رپورٹ کے مطابق جولائی تا نومبر 2025ء کے دوران میپکو ریجن میں پرائیویٹ اور سرکاری صارفین سے بلنگ کی مد میں 2کھرب 83ارب روپےریکوری کی گئی، رواں مالی سال کے دوران مختلف کیٹگریز کے 68ہزار935نئے کنکشنز فراہم کئے ان کنکشنز کی تنصیب کے بعد میپکو ریجن میں صارفین کی کل تعداد 89لاکھ29ہزار سے بڑھ گئی ہے،۔ میپکو نے صارفین کی درست ریڈنگ/بلنگ کے لئے 2لاکھ18ہزارجلنے اور خراب ہونے والے میٹرز تبدیل کئے، 402نئے مختلف استعدادکار کے ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز سسٹم میں شامل کئے گئے جس کے بعد بجلی فراہم کرنے والے ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی کل تعداد 2لاکھ44 ہزار 449ہوگئی ہے جبکہ ہائی ٹینشن لائنوں کی کل لمبائی 87ہزار670کلومیٹر اور لوٹینشن لائنوں کی کل لمبائی5لاکھ کلومیٹر سے تجاوز کرگئی ہے۔