سیاسی جماعتیں سری لنکا کی صورتحال سے عبرت حاصل کریں،سراج الحق

May 25, 2022

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بڑی حکمران اور اور اپوزیشن جماعتیں 22کروڑ عوام کے خلاف سازش کر رہی ہیں، سیاسی جماعتوں کو خبردار کرتا ہوں کہ سری لنکا جیسی صورت حال سے عبرت حاصل کریں۔ پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت کا آئینی و جمہوری حق ہے، پرامن احتجاج ہرسیاسی جماعت کاحق ،معیشت اور سیاست کی بہتری کیلئے قومی ڈائیلاگ شروع کیا جائے۔ گرفتاریاں اور سیاسی کارکنوں کے گھروں پر چھاپے نہ مارے جائیں۔ پولیس نوجوان کی شہادت افسوس ناک، اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں۔ سیاسی پارٹیوں کے لیڈران اپنے کارکنوں کے رویوں کا جائزہ لیں۔ گالم گلوچ کی سیاست نے پاکستان کے کلچر کو تباہ کر دیا۔ سیاست دشمنی اور تشدد میں بدل گئی، حکمران جماعتیں برابر کی ذمہ دار ہیں۔ سنجیدہ طرز عمل نہ اپنایا گیا تو انارکی مزید بڑھے گی۔ معیشت اور سیاست میں بہتری کے لیے قومی ڈائیلاگ کا آغاز ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بہاولپور میں شمولیتی جلسہ، میڈیا سے گفتگو اور وہاڑی میں علی وقاص ہنجرا کی جانب سے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے حریت رہنما یاسین ملک کی جھوٹے مقدمے میں گرفتاری اور مقبوضہ کشمیر کٹھ پتلی عدالتوں کی جانب سے ممکنہ سزا کے خلاف ملک بھر میں 25مئی بدھ کو احتجاج کی اپیل کی ہے۔امیر جماعت کا کہنا تھا تینوں بڑی پارٹیوں کا ایک اور بڑا جرم یہ ہے کہ انھوں نے کشمیر پر پسپائی دکھائی اور اسے بھارت کے حوالے کیا،حکمران جماعتیں ملکی معیشت کی تباہی کی برابر کی ذمہ دار ہیں،حکمران طبقہ اپنے بچوں کو ہماری نسلوں پر مسلط کر رہا ہے، انھیں وزارتیں مل رہی ہیں اور ایوانوں میں لایا جا رہا ہے۔