نسیان اور رعشہ سے بچانے والا دو انڈوں سے زیادہ وٹامن ڈی سے بھرپور ٹماٹر ایجاد

May 26, 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) سرخ ٹماٹر نہ صرف دیکھنے میں آنکھوں کو بھاتے ہیں بلکہ ہر کھانے کی ضرورت بھی ہیں۔ شاید ہی کوئی کھانا ان کے بغیر مکمل ہو۔ لیکن کیا ہی اچھا ہو کہ یہ ٹماٹر نہ صرف آپ کو نسیان اور رعشہ جیسی بیماریوں سے بھی بچائے اور اس میں دو انڈوں سے بھی زیادہ کیلشیم (وٹامن ڈی) موجود ہو جو ہڈیوں کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرے۔ جی ہاں! برطانوی سائنسدانوں نے ایسا ہی ایک ٹماٹر ایجاد کر لیا ہے جو نہ صرف آنکھوں کو بھاتا ہے بلکہ کئی بیماریوں سے محفوظ بھی رکھتا ہے۔ ماہرین نے انہیں ’’سُپر ٹومیٹوز‘‘ کا نام دیا ہے جو جینیاتی طور پر تبدیل شدہ تو ہیں لیکن غذائیت سے بھرپور ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جین میں ترمیم کرنے کی تکنیک (جِین ایڈیٹنگ ٹیکنالوجی) کرسپر استعمال کرتے ہوئے ماہرین نے پرو وٹامن ڈی تھری کو کولیسٹرول میں تبدیل کیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسا کرنے سے ٹماٹر میں زیادہ سے زیادہ پرو وٹامن محفوظ رکھا جا سکتا ہے جو سورج کی روشنی سے وٹامن ڈی میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ جان اینیس سینٹر نارویچ کے محققین کے مطابق نئے ایجاد کردہ ٹماٹر میں دو انڈوں یا پھر 28؍ گرام مچھلی (ٹیونا) کے مساوی وٹامن ڈی ہے، جس سے نہ صرف وٹامن ڈی تھری کی کمی کو پورا کیا جا سکے گا بلکہ کینسر، پارکنسنز (رعشہ) اور دیمینشیا (نیسان) جیسی بیماریوں سے بھی محفوظ رکھا جا سکے گا۔ یاد رہے کہ دنیا میں ایک ارب لوگوں میں وٹامن ڈی کی کمی پائی جاتی ہے۔