حکومت، اپوزیشن کے پروپیگنڈے کا ڈٹ کر مقابلہ کرے، بیرسٹر امجد ملک

May 27, 2022

راچڈیل(ہارون مرزا)چیف کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل افئیرز مسلم لیگ ن بیرسٹر امجد ملک نے کہا ہے کہ عمران خان کا کردار پارلیمان میں ہے، سڑکوں پر نہیں‘لوگ دھرنوں کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں،عوام کو ریلیف دیاجائے حکومت کو کسی بھی شخص کو مسلح جتھہ بنا کر قوم کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دینی چاہیے، ملک کی تقدیر کے فیصلے پارلیمان میں ہوں گے ڈی چوک میں نہیں۔نمائندہ جنگ سے ملاقات میں بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ فیس بک پارٹی عوام کو بیروزگاری مہنگائی اور مذید غربت اور اقتصادی ابتری دیکر گئی ہے، حکومت کو اپوزیشن کے پروپیگنڈے کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہیے، سوشل میڈیا پر پابندی کی بجائے حکومت مردانہ وار مقابلہ کرے، آزادی اظہار رائے اور احتجاج تب تک قابل قبول ہے جب تک وہ پرامن ہے، عمران خان کی کال ایک شہادت لے چکی ہے جمہوریت کو پنپنے کا موقع دینا چاہیے، پی ڈی ایم کی جماعتیں پاکستان کو معاشی گرداب سے نکالنے کی کوششوں میں ہیں، وہ سمجھدار اور سنجیدہ سیاستدان ہیں انکو پاکستان کو اس مشکل سے نکالنے کا موقع ملنا چاہیے، پاکستان اس وقت سخت معاشی مشکلات میں ہے، جس طرح کئی میڈیا اینکرز اپنی غلطیوں کا اعتراف کررہے ہیں، اسی طرح ایک عمومی اعتراف سیاسی گناہ کی ضرورت ہے تاکہ لوگ گھروں میں واپس جاسکیں، یہ بات اب روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ عمرانی تجربہ بری طرح فیل ہوا انکے پاس نہ ویژن تھا نہ ٹیم اور نہ ہی تجربہ ‘ انکو پاکستان پر تجربہ کرنے کیلئے چھوڑ دیا گیا اور وہ بری طرح فیل ہوئے ، باقی سب کہانیاں ہیں، نواز شریف کی باتیں عوام کو اب سمجھ آرہی ہیں، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا خادم اعلیٰ کے طور پر ایک ٹریک ریکارڈ ہے اور اوورسیز پاکستانی جلد اصلاحات ہوتے دیکھیں گے۔