کاربن ڈائی آکسائیڈ انسانی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

June 13, 2022

امریکی ادارے نیشنل اوشین اینڈ اٹموسفیرک ایڈمنسٹریشن (این او اے اے) کے مطابق فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی مقدار نے گزشتہ ماہ ریکارڈ توڑ دیا۔ ماحول دشمن گیس انسانی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔سائنس دانوں کے مطابق کم ازکم 40 لاکھ برس میں اس وقت کاربن ڈائی آکسائیڈ فضا میں سب سے زیادہ ہے۔

اس کی بڑھتی ہوئی سطح سے اس بات کا اندازاہ لگا یا جاسکتا ہے کہ یہی وہ حد ہے، جہاں تیزی سے ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات کا امکان غیر معمولی طور پر بڑھ سکتا ہے، کیوں کہ دنیا بھر میں پاور پلانٹس، گاڑیاں اور دیگر ذرائع فضا میں یہ ماحول دشمن گیس کی بڑی مقدارخارج کرتے رہے۔

واضح رہے کہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کی مقدار میں تیزی سے اضافے کے نتیجے میں سیلاب، شدید ترین گرمی، خشک سالی اور جنگل میں آگ لگنے جیسے واقعات بڑھ رہے ہیں، تاہم حالیہ اعداد شمار ہمیں متنبہ کررہے ہیں کہ ہمیں آب و ہوا اور ماحول کی بہتری کے لیے فوری، سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے۔