سری لنکا، ایندھن کی قیمتوں میں مزید اضافہ

June 26, 2022

فوٹو: سوشل میڈیا

معاشی بحران سے دوچار سری لنکا میں ایندھن کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔

سری لنکن پیٹرولیم اور گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ پیٹرول 22 اور ڈیزل 15 فیصد مہنگا کیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا میں ایک لیٹر پیٹرول پاکستانی 318 روپے اور ڈیزل 266 روپے کا ہوگیا۔

خیال رہے کہ سری لنکا کا ایک روپیہ پاکستان کے 58 پیسے کے برابر ہے۔

دوسری جانب سری لنکا میں غذائی بحران شدید تر ہونے کے باعث فوج کاشتکاری مہم میں حصہ لے گی جس کے تحت 1500 ایکڑ بنجر زمین کو غذائی پیداوار بڑھانے کے لیے قابلِ کاشت بنایا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سری لنکن آرمی نے جمعرات کو گرین ایگریکلچر اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کی ہے جو ملک کے فوڈ سیکیورٹی پروگرام پر عمل درآمد کرے گی۔

یاد رہے کہ سری لنکا میں جاری بدترین معاشی بحران کی وجہ سے غذا، ادویات، گھریلو گیس، ایندھن اور درجنوں اشیاء کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔