انگلش ٹیم 2005 کے بعد پاکستان آئے گی، پی سی بی چیئرمین

June 27, 2022

کراچی(عبدالماجد بھٹی، اسٹاف رپورٹر) انگلش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے قبل انگلینڈ کا سیکورٹی وفد جولائی کے دوسرے ہفتے میں پاکستان پہنچ رہا ہے۔پی سی بی چیئر مین رمیز راجا نے تصدیق کی کہ انگلش ٹیم2005کے بعد پاکستان آرہی ہے اس لئے ان کا وفد کراچی،لاہور اور پنڈی میں حفاظتی انتظامات کے ساتھ ساتھ ہوٹلوں اور گراونڈ میں سہولتوں کا جائزہ لے گا۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے قذافی اسٹیڈیم کے ڈریسنگ روم پر تحفظات کئے تھے اس لئے ڈریسنگ رومز کو بھی اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔دو بڑے گراؤنڈز میں کرسیاں بھی نصب کی جارہی ہیں۔چوں کہ حکومت نے امپورٹ پر پابندی لگائی ہوئی ہے اس لئے پاکستانی مارکیٹ سے کرسیاں خریدی جائیں گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلش کرکٹ ٹیم کے سات ٹی ٹوئنٹی میچوں کا شیڈول طے ہوچکا ہے مہمان ٹیم 15ستمبر سے دو اکتوبر تک کراچی،لاہور اور پنڈی میں میچ کھیلے گی جس کے بعد پاکستانی ٹیم چار اکتوبر کو تین قومی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے نیوز ی لینڈ اور انگلش کرکٹ ٹیم آسٹریلیا روانہ ہوگی۔پاکستانی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ میں سہ فریقی ٹورنامنٹ کھیلنے کی تصدیق کردی ہے۔رمیز راجا نے کہا کہ ہم ٹی ٹوئنٹی میچ بڑے شہروں میں کرانا چاہتے ہیں۔البتہ انگلینڈ کے تین میں سے ایک ٹیسٹ کو چھوٹے شہر میں بھی کرائیں گے۔انگلش ٹیم 12دن میں سات میچ کھیلے گی اس لئے چھوٹے شہروں میں میچ نہیں کرائیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نومبر دسمبر میں ٹیسٹ سیریز کا ایک میچ ملتان میں کرانے پر غور ہورہا ہے۔رمیز راجا نے کہا کہ پاکستان میں کئی گراؤنڈز پی سی بی کی ملکیت نہیں ہیں اس لئے ہمیں وہاں اپ گریڈیشن کرانے میں مشکل ہے۔کوشش کررہے ہیں کہ فیصل آباد، سیالکوٹ کے سینٹرز کو بحال کیا جائے۔لیز نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں مشکلات درپیش ہیں۔کوشش کریں گے کہ پاکستان سپر لیگ کے میچ تمام شہروں میں ہوں۔