کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے ٹیسٹ کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ یہ ریکارڈ ماونٹ مونگانوئی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ کے دوران قائم ہوا۔ ڈیون کانوے ایک ہی ٹیسٹ میں ڈبل سنچری اور سنچری بنانے والے نیوزی لینڈ کے پہلے بیٹر بھی بن گئے ہیں۔ آخری دن ویسٹ انڈیز کو میچ جیتنے کے لئے مزید 419رنز درکار ہیں جبکہ میزبان ٹیم کو دس وکٹوں کی ضرورت ہے ۔ ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے43رنز بنائے تھے۔ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ کسی ٹیم کے دونوں اوپنرز نے میچ کی دونوں اننگز میں سنچریاں اسکور کی ہوں۔ دوسری اننگز کے دوران ٹام لیتھم نے 101 جبکہ ڈیون کانوے نے 100 رنز بنائے۔ اس سے قبل پہلی اننگز میں ٹام لیتھم نے 137 اور ڈیون کانوے نے 227رنز کی اننگز کھیلی تھی۔