بھائی نےبہن کی جان لے لی، اراضی تنازع پر نوجوان قتل

June 29, 2022

اسلام آباد( خصوصی نامہ نگار ) وفاقی دارالحکومت میں غیرت کے نام پر بھائی 22 سالہ بہن( ک) کو قتل کرکے فرار ہو گیا جبکہ اراضی کے تنازع پر زاہد رزاق نامی نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ تھانہ کورال پولیس کے مطابق مقتولہ گزشتہ 2 ماہ سے طلاق کے بعد بھائی جنید کے ساتھ رہ رہی تھی،منگل کو اس کی طلاق کی ڈاکومنٹیشن مکمل ہوئی ،بتایا جاتا ہے کہ مقتولہ کسی اور کو پسند کرتی تھی جس پر بھائی نے طیش میں آکر بہن کو قتل کردیا ، نعش پولیس کلینک ہسپتال منتقل کر کے پوسٹ مارٹم کروا لیا گیا ۔ ایس ایچ او شہزاد ٹاؤن سب انسپکٹر نوازش کے مطابق قبضہ کے تنازع پر موضع طمہ میں زاہد رازق کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ نعش ہسپتال منتقل کر دی گئی ۔پولیس کو آخری اطلاعات تک ورثاء کی طرف سے انداج مقدمہ کے لیے درخواست نہیں ملی تھی ۔ دریں اثناء معلوم ہوا ہے کہ موضع طمعہ میں ایک ہاؤسنگ سوسائٹی کی مقامی افراد سے لی گئی زمین کا پورا معاوضہ دیئے بغیر قبضہ پر احتجاج کرنے والے افراد پر سوسائٹی کے سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ۔پولیس کے مطابق سوسائٹی کو موضع طمعہ کے مقامی افراد چوہدری تنویر اور چودھری قدیر زمین فراہم کرتے تھے ۔سوسائٹی کو فراہم کردہ زمین کا پورا معاوضہ نہ ملنے پر لوگوں نے منگل کی شام احتجاج کیا اور کہا کہ ان کی فراہم کردہ زمین کا سوسائٹی کی طرف سے ابھی پورا معاوضہ ادا نہیں کیا گیا اس لئے سوسائٹی انتظامیہ قبضہ کی خاطر ابھی پکٹس لگانے سے باز رہے لیکن سوسائٹی انتظامیہ نےاپنی پکٹس لگا کر قبضہ کرلیا۔چوہدری تنویر اور قدیر سوسائٹی کی پکٹس ہٹانے کے لیے پہنچے تو وہاں پر سوسائٹی کے سکیورٹی گارڈ سعید اللہ نے اندھا دھند فائرنگ کرکے چوہدری زاہد حسین ولد رازق نامی شخص کو قتل کردیا جس کے بعد مقامی افراد جن میں خواتین بھی شامل بتائی گئی ہیں نے ملزم سعید اللہ پر تشدد کیاـ پولیس نے واقعہ کے بعد چوہدری تنویر کے ڈیرے پر چھاپہ مار کر وہاں سے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ ملزم سیکورٹی گارڈ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ـ اس ضمن میں پولیس کا کہنا ہے کہ وجہ تنازع ابتدائی طور پر مقامی افراد سے لی گئی اراضی کا پورا معاوضہ نہ ادا کیا جانا سامنے آیا ہے۔ایس ایچ او تھانہ شہزاد ٹائون نوازش کا کہنا ہے کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کئے ، مقتول کا پوسٹمارٹم کروا لیا گیا ہے، قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔