پی آئی سی کا اے سی سسٹم 2روز سے بند،مریضوں کا بر احال

June 29, 2022

لاہور(جنرل رپورٹر) شدید گرمی اور حبس کے باعث پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کےسنٹرل اے سی سسٹم نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا اورپی آئی سی کی ایمرجنسی کے اے سی گزشتہ دو روز سے بند ہے جس کی وجہ سے عارضہ قلب میں مبتلاتشویشناک مریضوں کا برا حال ہوگیاہے ۔متاثرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے تاکہ ہسپتال کے اند ر جو مریض زیرعلاج ہے ان کو بہترین سہولیات مل سکیں۔اے سی سسٹم کے خراب ہونے اور مریضوں کی مشکلات کی شکایت ملتے ہی صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی موقع پر پہنچے۔صوبائی وزیرخواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سات نئے اے سی نصب کئے جارہے ہیں۔پی آئی سی میں ایئرکنڈیشنزکی خرابی کے ذمہ داران کاتعین بھی کیاجائے گا۔ سیکرٹری صحت علی جان خان کو پی آئی سی میں ائیرکنڈیشنزکی خرابی اورمرمت کے عمل بارے تفصیلی رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔