نرخ ناموں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے،ڈی سی پشاور

June 29, 2022

پشاور (وقائع نگار) ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی زیر صدارت ضلعی محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں انتظامی افسران اور پشاور کے ضلعی محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلعی محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیل سے بات چیت ہوئی۔ افسران نے اپنے محکموں کی کارکردگی کے بارے میں ڈپٹی کمشنر پشاور کو بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان نے انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد صبح صادق کے اوقات میں بولی کے عمل کی نگرانی کرتے ہوئے سرکاری نرخ نامہ جاری کیا جائے اور بعد میں پشاور بھر میں سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انھوں نے افسران کو ہدایت کی کہ پٹوار خانوں اور مراکز صحت کا مسلسل دورہ کرتے ہوئے سٹاف کی حاضری اور سہولیات کا جائزہ لیا جائے اور بازاروں میں تجاوزات مافیا کے خلاف مسلسل کارروائیاں عمل میں لائی جائیں اور غیر قانونی سائن بورڈوں، سپیڈ بریکرز اور غیر قانونی کرش پلانٹس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور محکمہ سپورٹس نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی سرگرمیوں کا اہتمام کرے۔ انھوں نے افسران کو ہدایت کی کہ اپنا کام ایمانداری سے کرتے ہوئے عوام کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے۔