پشاور (لیڈی رپورٹر)سابق گورنر حاجی غلام علی نے کہا ہے ہمیں اپنے برادر اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات اور تجارت دونوں کو مضبوط کرنا ہوگا، ریاستی اداروں کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے، انکا وقار قائم رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشاور پریس کلب میں نو منتخب صدر ایم ریاض اور پوری کابینہ کو مبارکباد دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سابق گورنر نے نو منتخب صدر ایم ریاض، نائب صدر ضیا الحق، جنرل سیکرٹری عالمگیر خان، فنانس سیکرٹری ارشاد میدانی، جائنٹ سیکرٹری گلزار خان اور گورننگ باڈی کے ممبران کو پھولوں کے ہار پہنائے اور انہیں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ صوبے کے وزیراعلی سہیل آفریدی کروڑوں عوام کے نمائندہ ہیں وہ پنجاب گئے تو ہونا یہ چاہیے تھا کہ انہیں پروٹوکول دیا جاتا انکا باقائدہ کھلے دل سے استقبال کیا جاتا تاکہ سیاست سے نفرتوں کے خاتمے کے ساتھ ساتھ صوبوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا ہوتی اور نفرتوں کا خاتمہ دونوں صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے، اور کوئی بھی وزیراعلی ہو جب وہ کسی دیگر صوبے جاتا ہے تو اسے اسکا جائز پروٹوکول ملنا چاہیے۔