پشاور (خصوصی نامہ نگار) سیکرٹری اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا محمد اسرار نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صوبے کے نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے لئے قائم مرکزی داخلہ نظام کا مشاہدہ اور تفصیلی جائزہ لیا۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن ووائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اکیڈمکس وایڈمیشنز پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما اور رجسٹرار کے ایم یو انعام اللہ وزیر بھی موجود تھے۔ سیکرٹری کو نجی میڈیکل وڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لئے اپنائے گئے شفاف، منظم اور مکمل طور پر میرٹ پر مبنی نظام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ محمد اسرار نے مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کے ایم یو کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر داخلہ نظام قائم کر کے ایک قابلِ تقلید مثال قائم کی ہے۔ صوبے بھر میں تقریباً 40 ہزار طلبہ کے لئے ایم ڈی کیٹ کا کامیاب اور شفاف انعقاد کے ایم یو کی ادارہ جاتی صلاحیت اور دیانت داری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہا کہ کے ایم یو میرٹ، شفافیت اور انصاف پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرتی، مرکزی داخلہ نظام کا مقصد یہی ہے کہ ہر مستحق طالب علم کو اس کا حق ملے اور عوام کا طبی تعلیمی نظام پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔ دورے کے اختتام پر سیکرٹری اعلیٰ تعلیم اور کے ایم یو انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں طبی تعلیم کے نظام کو مزید مضبوط، شفاف اور مؤثر بنانے کے لیثے باہمی تعاون کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔