پشاور(کرائم رپورٹر)پشاور کیپٹیل سٹی پولیس کے آپریشن کے دوران سیاسی وسماجی شخصیات اور پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث سرغنہ سمیت 5رکنی گینگ ہلاک ہوگیا، ہلاک ملزمان ٹارگٹ کلرز تھے ،جن سے ہینڈگرینیڈز اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے ۔ تھانہ دائودزئی کے ایس ایچ او سلیم خان خلیل کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق پولیس گشت پر موجود تھی اس دوران اطلاع مل کہ میاں گجرروڈ پر اشتہاری نجم الحسن عرف فینے ولد میر حسین سکنہ جبہ، محمد بلال ولد گران سکنہ سیروجھنگی، جاوید ولد توفیق ساکن محمد زئی ، کامران ولد قمرگل سکنہ اکبرپورہ اور حاجی ملنگ ولد رسول خان سکنہ نحقی داودزئی موجود ہیں ،جس پر وہ نفری کے ہمراہ پہنچے تو مسلح افراد نے پولیس پر فائرنگ کردی ،پولیس نے انہیں لائوڈسپیکر کے ذریعے غیرمسلح ہونے کا کہا اور گرفتاری دینے کا کہاتاہم ملزمان گرفتاری دینے کیلئے تیار نہیں تھے اور فائرنگ کا سلسلہ 45منٹ تک جاری رہا۔ ملزمان کی فائرنگ سے کانسٹیبل شاہد بلٹ پروف جیکٹ پر لگ کر معجزانہ طو رپر بچ گیا ، ملزمان نے ہینڈ گرینیڈ بھی پھینکا جس سے اے پی سی گاڑی کو نقصان پہنچا ،فائرنگ سے علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا تھا، بعد میں 5ملزمان کی نعشیں ملیں جو کہ اپنے ہی نامعلوم ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے ملزمان نے کلاشنکوف، ہینڈ گرینیڈاوردیگراسلحہ برآمد کیا گیا، ہینڈ گرینیڈ کو بی ڈی یو نے ڈی فیوزکردیا گیا ہے ۔اس طرح اقبال پلازہ کے قریب ایک خواجہ سرا پر بھی حملہ کیا گیا، جس میں وہ زخمی ہوا۔پولیس کی جانب سے گینگ کے مزید کریمنل ریکارڈ کی چھان بین جاری ہے ۔