پشاور (خصوصی نامہ نگار) محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا کی جانب سے پراپرٹی ٹیکس جمع کرنے کے حوالے سے اقدامات جاری ہیں اور نادہند گان کے خلاف کارروائیاں بھی عمل میں لائی جارہی ہیں۔ اس ضمن میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر پشاور اعجاز خان کی زیر نگرانی پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے دوران پشاور شہر کے مختلف علاقوں میں واقع متعدد رہائشی و تجارتی یونٹس کو طویل عرصہ سے عدم ادائیگی پر سربمہر (سیل) کر دیا گیا۔ محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کے مطابق ٹیکس نادہندگان کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد سرکاری محصولات کی بروقت وصولی کو یقینی بنانا اور ٹیکس نظام کو مزید شفاف بنانا ہے۔ محکمہ ایکسائز نے اس ضمن میں عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اضافی جرمانوں، قانونی کارروائی یا سیلنگ سے بچنے کے لئے اپنے واجب الادا ٹیکس بروقت جمع کرائیں۔ مزید برآں ڈائریکٹر ایکسائز وٹیکسیشن پشاور ریجن سید الامین نے پراپرٹی ٹیکس دفاتر پشاور۔II اور پشاور۔VI کا دورہ کیا اور ایک مشترکہ اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس کے دوران پراپرٹی ٹیکس ریکوری کی موجودہ رفتار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس عمل کو مزید تیز کرنے کے لئے احکامات جاری کیے گئے۔ اس موقع پر پشاور میں جاری جی آئی ایس پراپرٹی ٹیکس سروے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر جی آئی ایس شعیب عالم نے اب تک مکمل کئے گئے فیلڈ سروے کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔