پشاور (کرائم ر پورٹر)تھانہ چمکنی کے علاقے میں پنجاب کے گنڈتعویز اور دم درود کرنے والے شخص کو لینے کے دینے پڑ گئے، ملزمان نے متاثرہ شخص کو بیوی سمیت یرغمال بنا کر لاکھوں روپے لے لیے اوربعد میں چھوڑ دیا، متاثرہ شخص انصاف کیلئے تھانے پہنچ گیا۔ متاثرہ شخص حاجی محمد ناصر شاہ ولد محمد ارشاد سکنہ میاں چنوں ضلع خانیوال نے مقدمہ درج کراتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ وہ دم درود کا کام کرتا ہے۔ 6ماہ قبل عاقل ولد پہلوان سکنہ ضلع جنگ حال چمکنی نے اسے پنجاب سے دم درود کےلئے پشاور بلایا اور کام کے عوض 1لاکھ روپے دیئے تھے اس دوران پشاور میں کئی راتیں عاقل کے پاس گزاریں۔ بعد ازاں وہ واپس پنجاب چلا گیا، چند روز قبل عاقل، رضوان اور ابراہیم ساکنان مزار چمکنی نے فون کے ذریعے دوبارہ پشاور بلایاجس پر وہ بیوی کے ہمراہ آیا۔ مزکورہ افراد نے اسے اور اسکی بیوی کو ایک کمرے میں بند کر کے حبس بے جا میں رکھا۔ ملزمان نے اسے بتایاکہ انہوں نے عاقل کے ذریعے آپ کو 5 لاکھ روپے دم درود کے کام کےلئے دیئے تھے اورہمارا مسئلہ بھی حل نہیں ہوا ، جب تک رقم واپس نہیں کی جاتی انہیں رہا نہیں کیا جائےگا۔ متاثرہ شخص نے پولیس کو مزید بتایا کہ مجبوری کے عالم میں اس نے ساڑھے 3لاکھ روپے نقد اور ایک سونے کی انگوٹھی ملزمان کو دےکر جان چھڑائی، پولیس نے متاثرہ شخص کی مدعیت میں ملزمان کےخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔