تارکین وطن کی عزت کا خیال رکھا جائے، مقررین

June 30, 2022

کوونٹری ( وقار ملک ) تارک وطن کسی ملک کا بھی ہو انسانیت کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ہمیں ان کی عزت کا خیال رکھنا ہو گا،مہاجرین کا دن منانے کا مقصد یہی ہے کہ عوام کو ان سے متعلق آگاہی دی جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم ریسورس سنٹر اور کوونٹری سٹی کونسل کے زیر اہتمام تقریب سے مقررین نے کیا جس میں مہاجرین کے خاندانوں نے اپنے بچوں کے ساتھ شرکت کی اور اپنے اعزاز میں تقریب پر خوشی کا اظہار کیا، تقریب میں پولیس افسران کے علاوہ سٹی کونسل کوونٹری کے اعلیٰ افسران ، مقامی کونسلرز، سماجی شخصیات اور این جی اوز کے نمائندگان نے شرکت کر کے تقریب کو سراہا۔ رفیوجیز اینڈ کمیونٹی ویلفیئر کوآرڈینیٹر Peter Barnett نے کہا کہ کوونٹری نے لاتعداد رفیوجیز کو اپنےشہر میں خوش آمدید کہا ہے جس کی وجہ یہی ہے کہ کھلے دل رکھتے ہیں، انسانیت کے مدد کرنا ہمارا فرض ہے ، دنیا کو بتانا ہو گا کہ ہر شخص کی قدر و منزلت ہوتی ہے جس کی تضحیک نہیں ہونی چاہئے ۔کوونٹری سٹی میں عوام کی فلاح و بہبود کے اقدامات کیے جاتے ہیں، مسلم ریسورس سنٹر کے کاوشیں قابل قدر اور قابل تحسین ہیں جنہوں نے ہمیشہ کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا،مسلم ریسورس سنٹر ایک ایسا ادارہ بن چکا ہے جس نے عوام کو سہولیات فراہم کیں۔ سنٹر کے سیکرٹری موسیٰ بسمہ اللہ نے کہا کہ مسلم ریسورس سنٹر عوام کی فلاح و بہبود کا ادارہ ہے جس میں ہر شخص کو آنے کی اجازت ہے اور وہ اپنے مسائل کے حل کے لیے مشاورت کر سکتا ہے سنٹر کے دروازے سب کے لیے کھلیں ہیں جو اپنے گھر بار چھوڑ کر برطانیہ پہنچے ہیں ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہم سب کا فرض ہے، انھیں برطانوی معاشرے کا حصہ بنانا ہے کیونکہ یہ ہمارے درمیان رہ رہے ہیں، ان کی مدد کرنا ہر شخص کی ذمہ داری ہے، کوونٹری سٹی کونسل نے جس طرح رفیوجیز کی حوصلہ افزائی کی اور تقریب میں شرکت کی قابل تحسین ہے ،ہم کوونٹری سٹی کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں اور آئندہ بھی توقع رکھتے ہیں کہ سٹی کونسل مسلم ریسورس سنٹر سے اپنا تعاون جاری رکھے گی، بعدازاں چیئرمین مسلم ریسورس سنٹر غلام شبیر اور سابق امیدوار برائے کونسلر ضیاء خان نے کہا کہ مسلم ریسورس سنٹر کو عوامی سنٹر بنا دیا گیا ہے جہاں ہر مرد و عورت مستفید ہو سکتے ہیں کیونکہ ہمارا مقصد عوام کی خدمت ہے، ہمیں برطانیہ کے قوانین کو سمجھنا اور اس پر عمل کرنا ہے تاکہ ایک پرامن معاشرہ قائم ہو سکے، مسلم ریسورس سنٹر نے رفیوجیز کے لیے ایک معلوماتی ہروگرام کیا ہے جس سے عام آدمی بھی رفیوجیز کو سمجھنے لگا ہے یہ ایک بڑی کامیابی ہے۔ انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے سنٹر پروگرامز کو ترتیب دے رہا ہے تاکہ نوجوان نسل کو مصروف رکھا جا سکے ہمارا مقصد پرامن معاشرہ قائم کرنا ہے، عوام کی خوشحالی کے اقدامات کرنا ہیں، اس مقصد کی کامیابی کے لیے عوام کا تعاون چاہئے، عوام آگے بڑھیں اور سنٹر کے ساتھ تعاون کریں۔