سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان، بابر، رضوان، شاہین، امام، حسن کیلئے تینوں فارمیٹس کی اے کیٹگری

July 01, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستانی ٹیم کے سینٹرل کنٹریکٹ برائے 23-2022کا اعلان کردیا ہے۔ اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔ آف اسپنر ساجد خان اور فہیم اشرف کا نام اس فہرست میں شامل نہیں ہے۔ حیران کن طور پر ریڈ بال میں سابق کپتان سرفراز احمد، لیگ اسپنر یاسر شاہ، عارضہ قلب میں مبتلا ہونے والے اوپنر عابد علی اور کائونٹی کرکٹ میں رنز کے ڈھیر لگانے والے شان مسعود کو ڈی کٹیگری میں رکھا گیا ہے۔ ریڈبال اور وائٹ بال دونوں کی مختلف کٹیگریز میں مجموعی طور پر 33کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ یاسر شاہ گذشتہ سینٹرل کنٹریکٹ کی بی کیٹگری میں شامل تھے لیکن گذشتہ سال وہ صرف تین ٹیسٹ میچ کھیلنے میں کامیاب ہو پائے تھے جن میں صرف جنوبی افریقہ کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں ان کی کارکردگی اچھی رہی تھی۔ اس میں انھوں نے دونوں اننگز میں سات وکٹیں حاصل کی تھیں ۔ سرفراز احمد سی کیٹگری میں تھے لیکن اس بار ڈی کیٹگری دی گئی ہے۔ وہ آئندہ ماہ سری لنکا کے دورے میں دوسرے وکٹ کیپر ہونگے تاہم انھیں برائے نام مواقع مل سکے ہیں۔ گذشتہ سال وہ صرف دو ٹی ٹوئنٹی اور ایک ون ڈے انٹرنیشنل ہی کھیل پائے تھے۔ آف اسپنر ساجد خان نے بنگلہ دیش کے خلاف میرپور ٹیسٹ میں 42رنز دے کر آٹھ وکٹوں کی کیریئر بیسٹ کارکردگی پیش کی تھی تاہم آسٹریلیا کے خلاف صرف ایک سیریز کی کارکردگی کی وجہ سے وہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل نہیں ہوسکے۔ تینوں طرز کی کرکٹ میں کپتان بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان، امام الحق اور حسن علی کو دونوں کنٹریکٹ دیے گئے ہیں۔ ان کے علاوہ 10 کھلاڑیوں کو صرف ریڈ بال کا کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔ اظہر علی اے کٹیگری جبکہ فواد عالم کو بی کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ عبد اللہ شفیق، نعمان علی اور نسیم شاہ کو ریڈ بال کی سی کٹیگری سعود شکیل کو ڈی کٹیگری شامل کیا گیا ہے۔11کھلاڑیوں کو صرف وائٹ بال کا کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ کارکردگی پر سات کھلاڑی علی عثمان، حسیب اللہ، کامران غلام، قاسم اکرم، محمد حارث، محمد حریرہ اور سلمان علی آغا کو ایمرجنگ کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ دونوں طرز کی کرکٹ کے کنٹریکٹ کی اے کٹیگری: بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی ریڈ بال میں بی اور وائٹ بال میں سی کٹیگری: حسن علی ریڈ بال میں سی اور وائٹ بال میں بی کٹیگری میں امام الحق شامل ہیں۔ صرف ریڈ بال کنٹریکٹ کی کٹیگری اے : اظہر علی، بی میں فواد عالم ، سی میںعبداللہ شفیق، نسیم شاہ اور نعمان علی ڈی میں عابد علی، سرفراز احمد، سعود شکیل، شان مسعود اور یاسر شاہ کو رکھا گیا ہے۔ وائٹ بال کنٹریکٹ کی کٹیگری اے میں فخر زمان اور شاداب خان ، بی میں حارث رؤف سی میںمحمد نواز کٹیگری ڈی میں آصف علی، حیدر علی، خوشدل شاہ، محمد وسیم جونیئر، شاہنواز دھانی، زاہد محمود اور عثمان قادر شامل ہیں۔