اداروں کیخلاف الزام تراشی کی اجازت نہیں دی جائیگی‘ ن لیگ

July 02, 2022

کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کوئٹہ ڈویژن کے صدر محمد رحیم کاکڑ ،جنرل سیکرٹری جاوید اقبال، ارباب اقبال، ذاکر بنگلزئی، آغا عمر شاہ، آصف حریفال اور نثار اچکزئی نے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان لاکھوں قربانیوں کی بدولت حاصل کیا گیا ،پاکستان اور اس کے تمام اداروں پر کسی قسم کی الزام تراشی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی ،ہمیں چاہئے کہ بحیثیت شہری ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف آواز اٹھائیں ،انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری اپنے عروج پر ہے ،تمام سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ عوام کی ریلیف کیلئے اقدامات کریں۔ انہوں نے صوبے میں مہنگائی ،گرانفروشی اوربے روزگاری کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت فوری طور موجودہ حالات میں عوام کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کرے، غریب اور بے روزگار نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کی ضلعی انتظامیہ ہر ڈسٹرکٹ میں سستا بازار لگائے اور ذخیرہ اندوزوں و گرانفروشوں کے خلاف فوری طور پر کارروائی کی جائے۔