• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرغون اسکیم کے پارک کو ٹینڈر کیے جانے پر مکینوں کو اعتراضات ہیں، منصور اچکزئی

کوئٹہ ( پ ر) زرغون اتحاد پینل زرغون ہاؤسنگ سکیم کوئٹہ کے صدر منصور خان اچکزئی نے اپنے بیان میں زرغون ہاؤسنگ اسکیم کے پارک کو ٹینڈر کرنے کے حوالے سے رہائشیوں کا مؤقف بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرغون ہاؤسنگ اسکیم کے پارک کو پبلک کے لیے ٹینڈر کرنے کے فیصلے پر اسکیم کے مکینوں میں شدید تحفظات پائے جاتے ہیں۔ یہ پارک بنیادی طور پر اسکیم کے رہائشیوں کی سہولت، تفریح اور صحت مند ماحول کے لیے بنایا گیا ہے۔ اگر اسے اس انداز میں ٹینڈر کیا جاتا ہے کہ اسکیم سے باہر کے مختلف علاقوں سے لوگوں کو بڑی تعداد میں یہاں آنے کی اجازت ہو، تو اس سے اسکیم کے مکینوں کو متعدد مشکلات کا سامنا ہو گا۔باہر سے لوگوں کی آمد کے باعث اسکیم میں غیر ضروری ہجوم، ٹریفک کے مسائل، شور شرابے، صفائی کے مسائل اور مجموعی ماحول پر منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ رہائشیوں کی نجی زندگی، بچوں اور خواتین کی سہولت اور اسکیم کے پُرسکون ماحول کے متاثر ہونے کا بھی اندیشہ ہے۔ انہوں نے واضح کیاکہ ہمیں پارک کی مناسب دیکھ بھال، تزئین و آرائش اور بہتر انتظام سے کوئی اعتراض نہیں۔ اگر پارک کو ٹینڈر کیا جاتا ہے تو ٹھیکیدار کو واضح طور پر اس بات کا پابند کیا جائے کہ پارک صرف سرکاری ہاؤسنگ اسکیم کے مکینوں کے لیے مختص رہے گا اور اسکیم سے باہر کے افراد کو اس میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ایسی صورت میں اسکیم کے رہائشیوں کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ تاہم اگر ٹینڈر کی آڑ میں اسکیم کے باہر سے لوگوں کو پارک میں آنے کی اجازت دی گئی اور اس کے نتیجے میں ہاؤسنگ اسکیم میں غیر ضروری رش اور رہائشیوں کے لیے مشکلات پیدا ہوئیں تو اسکیم کے مکین اس فیصلے کو قبول نہیں کریں گے اور اپنے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے پُرامن اور قانونی احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ ہم متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کسی بھی فیصلے سے قبل اسکیم کے مکینوں کے تحفظات کو سنجیدگی سے سنا جائے اور ایسا انتظام وضع کیا جائے جس سے پارک کی سہولیات بھی بہتر ہوں۔