نوپور شرما کے خلاف درخواست، بھارتی عدالت دہلی پولیس پر برہم

July 02, 2022

فائل فوٹو

گستاخانہ بیان دینے والی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی معطل رہنما نوپور شرما کے خلاف درخواست کی سماعت میں بھارتی سپریم کورٹ نے دہلی پولیس کی خوب سرزنش کی۔

بھارتی سپریم کورٹ نے دہلی پولیس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ دہلی پولیس نے تاحال نوپور شرما کی گرفتاری کے لیے کیا اقدامات کیے ہیں؟

بھارتی عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے مزید کہا کہ ہمیں منہ کھولنے پر مجبور نہ کریں، ٹی وی پر بحث کس موضوع سے متعلق تھی؟اگر وہ کسی پارٹی کی ترجمان ہے تو کیا ہوا؟ اُنہوں نے ایسے موضوع کا انتخاب ہی کیوں کیا؟

بھارتی عدالت نے نوپور شرما سے متعلق سوال کیا کہ کیا نوپور سوچتی ہیں کہ ان کے پاس طاقت ہے تو وہ ملک کے قانون کا احترام کیے بغیر کوئی بھی بیان دے سکتی ہیں؟

بھارتی میڈیا کے مطابق دوران سماعت دہلی پولیس کا عدالت میں کہنا تھا کہ نوپور شرما اب پولیس کے ساتھ تعاون کر رہی ہیں، نوپور شرما کو گزشتہ ماہ 18 جون کو پولیس نے نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا جس پر نوپور نے اپنا بیان ریکارڈ کروادیا تھا۔

دہلی پولیس کے مطابق تاحال پولیس کی جانب سے نوپور کو مزید کوئی نوٹیفیکیشن نہیں بھیجا گیا ہے، پولیس کے مطابق مزید نوٹیفیکیشن کی ضرورت جب محسوس کی جائے گی تو نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس نوپور شرما کی گرفتاری پر خاموش ہے مگر اس کیس سے متعلق میٹنگز میں کافی مصروف نظر آتی ہے۔