ریڈیو پاکستان کے ریٹائرڈ پنشنرز تاحال پنشن کے بنیادی حق سے محروم

July 04, 2022

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) آل پاکستان پنشرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر سید قائم عباس شاہ نے وزیراعظم پاکستان سے اپیل کی ہے کہ ریڈیو پاکستان کے ریٹائرڈ پنشنرز کو بالخصوص عیدالاضحی کے موقع پر پنشن کے بنیادی حق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات ہونی چاہئے اور ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ ہر ماہ باقاعدگی سے پنشن کی مد میں فنڈز فراہم کرتی ہے جبکہ ریڈیو پاکستان کے پنشنرز کو 10فیصد عبوری الاؤنس جس کا نفاذ یکم اپریل سے ہونا تھا بھی تاحال ادا نہیں کیا گیا جبکہ ستم ظریفی یہ ہے کہ ماہ جون کی پنشن بھی روک دی گئی ہے۔ آل پاکستان پنشنرز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے چیف جسٹس پاکستان‘ وزیراعظم پاکستان اور وفاقی محتسب سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی کھلی تحقیقات کی جائے اور ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ اجلاس میں صدر سید قائم عباس شاہ‘ سیکرٹری جنرل نذیر جاوید اور جوائنٹ سیکرٹری ملک اسلم اعوان سمیت دیگر نے ریڈیو پاکستان کے متاثرہ پنشنرز کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہیں ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اطلاعات سے مطالبہ کیا کہ ریڈیو پاکستان کے پنشنرز کو فوری طور پر یکم اپریل سے اضافی عبوری امداد سمیت جون کی پنشن کی ادائیگی کو عیدالاضحی سے قبل یقینی بنایا جائے۔