اسلام آباد انتظامیہ نے منڈی مویشیاں کو فیملی فیسٹول کا درجہ دیدیا‘ ملک ابرار

July 04, 2022

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے مشیر ملک ابرار احمد نے کہا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ نے منڈی مویشیاں کو فیملی فیسٹیول کا درجہ دیدیا ہے جہاں پوری فیملی قربانی کے جانوروں کی بلاخوف و خطر منڈی میں آ کر اپنی پسند کے مطابق خریداری کر سکتی ہے۔ اتوار کو آئی 15منڈی مویشیاں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر ملک ابرار احمد نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کی بہتری کیلئے بہت اچھے انتظامات کئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے بھی ازخود منڈی مویشیاں کا دورہ کر کے پشاور روڈ کے حاجی کیمپ چوک سے ٹریفک آئی15 کیلئے کھولنے کی یقین دہانی کرائی ہے جس سے عوام کو مزید سہولت حاصل ہو گی۔ اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی ملک افتخار اور انجمن تاجران پاکستان کے صدر اجمل بلوچ بھی موجود تھے۔ ملک ابرار احمد نے کہا کہ ڈی ایم نے جانوروں کے علاج کیلئے کیمپ قائم کر دیا ہے جبکہ پولیس چوکی بھی قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت تمام تر اقدامات کر رہی ہے۔