زندگی خطر ے میں، بلٹ پروف گاڑی لینا پڑی، پی سی بی چیف، میڈیکل الاؤنس نہیں چاہئے

July 05, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا کا کہنا ہے کہ میری زندگی کو خطرات ہیں جس کیلئے بلٹ پروف گاڑی لینا پڑی۔ مجھے میڈیکل الاؤنس کی ضرورت نہیں ہے۔پی سی بی میں تنخواہیں عالمی مارکیٹ سے بہت کم ہیں، اچھے پروفیشنل کیلیے اچھی تنخواہیں دینی پڑتی ہیں۔ ستمبر2021 میں چیئرمین پی سی بی کا عہدہ سنبھالا تھا، 9مہینے ہوگئے بطور چیئرمین پی سی بی لیکن ایک بھی غیرملکی دورہ نہیں کیا، مجھے ایک بھی پیسہ نہیں ملتا۔ وہ پیر کو اسلام آباد میں قائمہ کمیٹی بین الصوبائی رابطہ کو بریفنگ دے رہے تھے۔ کمیٹی کی رکن مہرین بھٹو نے کہا کہ پی سی بی والے اتنی زیادہ تنخواہیں لے رہے ہیں، پچھلے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے مدت ملازمت پوری نہیں کی، جواب میں رمیز راجا نے کہا کہ وسیم خان آئی سی سی میں اچھی پوسٹ پر لگ گئے ہیں ۔ یہ سوچ کر قائمہ کمیٹی میں آیا تھا کہ میری تعریف ہوگی۔ اس سال61کروڑ روپے پی ایس ایل کی فرنچائزز کومنافع ملا ہے، پاکستان کی رینکنگ میں بہتری آئی ہے، بھارت کوورلڈ کپ میں پہلی بار شکست دی ۔ 28کمپنیوں نے پاکستان جونیئر لیگ میں دلچسپی ظاہر کی ہے، شائقین کرکٹ کیلیے فین زونز بنا رہے ہیں کیونکہ اسٹیڈیم پہنچتے ہوئے انہیں مشکلات ہوتی ہیں۔ پی ایس ایل خواتین کیلیے فروری اور جونیئر لیگ اکتوبر میں ہوگی، فخر ہے کہ پی سی بی حکومت سے ایک پیسہ نہیں لیتا، پاکستان میں کرکٹ اسٹیڈیمز کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیٹیں لگانے کی ضرورت ہے، شائقین کو سیڑھیوں پر بٹھانا اچھی بات نہیں، پی سی بی کو زیادہ فنڈنگ آئی سی سی سے آتی ہے، پی سی بی چاہتا ہے کہ اپنا پیسہ خود بنائے جس کے لیے پاکستان جونیئر لیگ لارہے ہیں۔ آئندہ پی ایس ایل میچز لاہور، فیصل آباد، حیدرآباد اور کراچی میں کرانا چاہتے تھے، فیصل آباد کا گراؤنڈ مقامی انتظامیہ نے لے لیا ، لیز پر گراؤنڈ ہمیں ملے گا تو پیسہ لگا سکیں گے، گراؤنڈ ہمیں ملیں گے تو پیسہ ہم لگا سکیں گے۔