کے ڈی اے کے 9 ارب 20 کروڑ روپے کے بجٹ کی منظوری

July 05, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ادارہ ترقیات کراچی کے 9ارب20کروڑ47لاکھ روپے میزانیہ برائے مالی سال 2022-23ء کی گورننگ باڈی نے منظوری دے دی گزشتہ روز سندھ سیکریٹریٹ کانفرنس ہال میں گورننگ باڈی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے بحیثیت چیئرمین گورننگ باڈی کے ڈی اے نے کی اس موقع پر سیکریٹری بلدیات نجم شاہ، ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے سید محمد علی شاہ، ممبر فنانس سید شجاعت حسین، ممبر ٹیکنیکل سید نعمان علی، کمشنر کراچی و دیگر افسران بھی موجود تھے اجلاس میں نئے مالی سال 2022-23ء کے لئے کے ڈی اے کے منظور کئے گئے بجٹ کا حجم9204.705ملین روپے ہے جن میں دیگر اداروں سے بقایات جات کی وصولیاں، پلاٹوں کی نیلامی، اراضی کی آمدنی، نرسریوں اور پارکس کی آمدنی، مکینیکل ونگ، چارج پارکنگ، بچت بازار کے محصولات اور کرائے کی مد میں آمدنی شامل ہے جبکہ نظر ثانی شدہ میزانیہ برائے سال 2021-22ء کا حجم 6937.479ملین روپے پر مشتمل ہے دیگر مصارف میں تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی، فوری اخراجات اور ورکس اینڈ ڈیولپمنٹ مصارف شامل ہیں حکومت سندھ کی جانب سے اعلان کردہ تنخواہوں اور پنشن میں بالترتیب 15 اور 05فیصد اضافہ آئندہ مالی سال کے مصارف میں شامل ہے ۔