40 نئے ہسپتالوں کی تعمیر سے متعلق وزیراعظم کے وعدے کی تکمیل میں تاخیرکی چھان بین

July 05, 2022

لندن(پی اے ) حکومت کے اخراجات کا جائزہ لینے والی واچ ڈاگ2019کے کی مہم کے دوران 2030تک40نئے ہسپتالوں کی تعمیر سے متعلق وزیر اعظم کے وعدے کی تکمیل میں تاخیر کے اسباب کی چھان بین کرے گی،شیڈو وزیر صحت ویس اسٹریٹنگ نے اس پروگرام کی تکمیل کی تاخیر کے اسباب کی چھان بین کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور متنبہ کیاہے ٹیکس دہندگان کی اداکردہ رقم ضائع کی جارہی ہے۔ نیشنل آڈٹ آفس اس سال کے آخر میں رقم کے حوالے سے جائزہ لے گا،شیڈو وزیر صحت ویس اسٹریٹنگ نےالزام عاید کیاہے کہ حکمراں کنزرویٹو جماعت وعدے لمبے چوڑے کرتی ہے لیکن وعدے پورے نہیں کرتی،کنزرویٹو پارٹی کے منشور میں 40نئے ہسپتالوںکی تعمیر کاوعدہ شامل تھا اور وزیر اعظم بورس جانسن نے بار بار اس وعدے کا اعادہ کیاتھا ،جبکہ ابھی تک ایک بھی نیا ہسپتال تعمیر نہیں کیاجاسکا،لیبر پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اسٹیرنگ کا کہنا ہے کہ این ایچ ایس کے بہت سے ہسپتال ابھی تک فنڈز مختص کئے جانے کے منتظرہیں ،نیشنل آڈٹ آفس کے کمپٹرولرگاریتھ ڈیویز نے اسٹیرنگ کے نام ایک خط میں لکھاہے کہ میں اس سال کے آخر نئے ہسپتالوں کیلئے رقم کا جائزہ لوں گا اور2023کے دوران اپنی رپورٹ پیش کردوں گا۔ اسٹیرنگ نے کہا ہے کہ یہ 40ہسپتال ابھی تک صرف بورس جانسن کے تصور میں قائم ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کنزرویٹو کی جانب سے الیکشن کے لئے جاری کردہ منشور سے ایک دفعہ پھر یہ ثابت ہوا کہ کنزرویٹو پارٹی وعدے بہت کرتی ہیں اور تکمیل بہت کم کی کرتی ہے۔بی بی سی کے رابطہ کرنے پر صرف 34نے جواب دیا اور ان کے جواب سے ظاہر ہوا کہ صرف 5 نئے ہسپتالوں کی تعمیر کی جارہی ہے ،12 نے کہا کہ وہ ہسپتال میں نئے شعبے قائم کررہا ہے اور9 نے بتایا کہ وہ ہسپتال کی موجودہ عمارتیں دوبارہ تعمیر کرارہے ہیں،گزشتہ سا ل اپنی سالانہ رپورٹ میں انفرا اسٹرکچراور پراجیکٹس اتھارٹی نے اس پروجیکٹ کو بحیثیت مجموعی امبر / ریڈ کی رینکنگ دی تھی جس کے معنی یہ ہیں کہ ان کی تکمیل مشکل ہے۔ نومبر میں ہیلتھ سروس جرنل نے خبر دی تھی کہ اس پراجیکٹ کیلئے آئی پی اے کی ریٹنگ میں مزید کمی کرکے ریڈ کردیاگیاتھا جس کے معنی یہ کہ پراجیکٹ قابل تکمیل نظر نہیں آتا۔