برطانیہ میں کوویڈ کے مریضوں کی تعداد میں پھر تیزی سے اضافہ

July 05, 2022

گلاسگو (نمائندہ جنگ) برطانیہ میں کوویڈ کے مریضوں کی تعداد میں پھر تیزی سے اضافہ شروع ہوگیا ہے۔ تازہ ترین اعدادو شمار کے مطابق جون کے بعد ہسپتالوں میں کوویڈ کے مریضوں کی تعداد تین گنا بڑھ گئی ہے۔ گزشتہ ہفتے اسکاٹ لینڈ میں ہر20میں سے ایک فرد کو کوویڈ لاحق ہوا ، انگلینڈ میں یہ شرح30میں ایک جب کہ ویلز میں45میں ایک تھی۔ اسکاٹ لینڈ میں کیسز کے زیادہ ہونے کی وجہ کا پتہ نہیں چل سکا، زیادہ تر افراد اومی کرون کی قسمBA.4اورBA.5کا شکار ہوئے جو اگرچہ دیگر اقسام کے مقابلے میں زیادہ خطرناک تو نہیں لیکن اس کے پھیلنے کی رفتار خاصی زیادہ ہے۔ گزشتہ ہفتے یوکے میں23لاکھ افراد کو کوویڈ ہوا جوکہ اس کے ایک ہفتہ پہلے کے17لاکھ کی تعداد سے32 فیصد زیادہ ہے۔ تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز نیشنل ہیلتھ سروس کو دبائو میں لا رہے ہیں لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ لوگوں کو زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں مریضوں کی تعداد کم ہے اور امید ہے کہ یہ لہر جلد ہی ختم ہوجائے گی لیکن مستقبل میں کسی نئی لہر کے خطرے کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ ایڈنبرا یونیورسٹی کی پروفیسر لنڈا مالڈ نے کہا کہ ہمیں موسم خزاں میں ایک نئے بوسٹر پروگرام کے بارے میں سوچنا ہوگا۔