کوٹلی کے عوامی مسائل حل کئے جائیں، اوورسیز ہیومن رائٹس پنگ پیراں یوکے

July 05, 2022

وٹفورڈ(نمائندہ جنگ)ممبران اوورسیز ہیومن رائٹس پنگ پیراں یو کے کے رہنماؤں سابق ڈپٹی میئر انجینئر فاضل ضیاء، کونسلر عمران حمید ملک، سید شفقت حسین گیلانی، مطلوب حسین مغل، سید تحسین گیلانی،حاجی عبدالحلیم،چوہدری محمد سعید، چوہدری باغ حسین، راجہ منوراوردیگر رہنماؤں نے محلہ مغلاں پنگ پیران میں روڈ کی خستہ حالی، پینے کے پانی کی شدید قلت، بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور واٹر چینل کوٹلی نہر کے پانی شدید قلت پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ان رہنماؤں نے کہا کہ انتظامیہ کوٹلی کی بے حسی کا یہ عالم ہے کہ ڈپٹی کمشنر کوٹلی سمیت تمام محکمہ جات کو عوامی مسائل سے مسائل سے آگاہ کیا جاتا ہے مگراس کے باوجود عوام کے بنیادی حقوق پر توجہ نہیں دی جاتی ۔ محلہ مغلاں کوٹ کی سڑک انتہائی خراب ہے روڈ کی از سر نو تعمیر کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایاگیا ۔ٹوٹی ہوئی سڑک کے باعث حدودِ بلدیہ کے اندر رہنے والے لاکھوں افراد بنیادی حقوق سے محروم ہیں اور سخت مشکلات کا شکار ہیں۔دندلی تا رولی نہر انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے باعث مسائل کا شکار ہے، نہر کی صفائی نہ ہونے کے باعث لاکھوں عوام زراعت اور کھیتی باڑی کی سہولیات سے محروم ہیں ۔ ان رہنماؤں نے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے کہ ڈپٹی کمشنر ضلع کوٹلی کھلی کھچری کا اہتمام کریں، عوام کے مسائل حل کریں، ان رہنماؤں نے کہا کہ پنگ پیران بگوٹ میں گزشتہ پانچ سال سے زائد عرصہ ہوچکا ہے محکمہ پبلک ھیلتھ سروسز نے پانی کا ٹینکر تعمیر شروع کی ہے مگروہ تاحال نامکمل ہے، عوام کو اب تک پینے کا پانی سپلائی کرنے کے لیے کوئی کام نہیں کیا گیا ہے، پانی کی شدید قلت اور روڈ کی خستہ حالی پر پنگ پیراں کے عوام روز انتظامیہ کے خلاف مظاھرے کرتے ہیں مگر انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ۔ ان رہنماؤں نے وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس سے مطالبہ کیا کہ وہ آزاد کشمیر میں تعمیر وترقی کے نام پر ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکیں اور ڈپٹی کمشنر ضلع کوٹلی کو حکم دیں کہ وہ انتظامیہ کا اجلاس طلب کرکے دیرینہ عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے اقدامات کریں۔