یورپی یونین پاکستان سے دوستانہ تعلقات میں اضافہ کی خواہاں ہے، اینرک مورا

July 05, 2022

برسلز (حافظ انیب راشد) یورپین یونین، بلجیم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اینریک مورا سے ملاقات کی ہے۔ یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس میں ہونے والی ملاقات میں سفیر پاکستان اور مسٹر مورا نے پاکستان اور یورپین یونین کے درمیان تعلقات کی مجموعی صورتحال اور دیگر علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دو طرفہ تعاون تمام شعبوں میں بہتری کی جانب گامزن ہے. ملاقات میں ڈاکٹر اسد مجید خان نے پاک-ای یو سیاسی، اقتصادی، ماحولیاتی اور سیکورٹی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔ اس کے ساتھ ہی سفیر پاکستان نے دو طرفہ تجارت کے فروغ میں جی ایس پی پلس کے مثبت کردار کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ جی ایس پی پلس باہمی تعاون کا ایک ایسا بہترین نمونہ ہے جس میں فائدہ صرف ایک فریق کا نہیں بلکہ یہ دو طرفہ طور پر نفع بخش ثابت ہوا ہے۔ قبل ازیں جب سفیر پاکستان ایکسٹرنل ایکشن سروس پہنچے تو وہاں ڈپٹی سیکٹری جنرل اینرک مورا نے ان کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کو ایک اہم شراکت دار سمجھتا ہے اور وہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ دوستانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔