مویشی منڈیوں میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں جاری

July 05, 2022

لاہور (خصوصی رپورٹر) کورونا وبا کے حوالے سےہائی الرٹ جاری ہونے کے باوجود عید الضحیٰ کے موقع پر مستقل مویشی منڈی شاہ پور کانجراں سمیت شہر بھر میں لگائی گئی عارضی مویشی منڈیوں میں ضلعی انتظامیہ لاہور،میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے افسران کی لاپرواہی سے کورونا ایس او پیز کی کھلی خلاف ورزی کی جانے لگی، خریدار بغیر ماسک کےقربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کرتے نظر آ رہے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ لاہور اور ایم سی ایل اور متعلقہ زونر کےاہلکار کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے میں ناکام نظر آ رہے ہیں۔ عارضی مویشی منڈیوں میں داخلی اور خارجی راستوں میں کورونا ایس او پیز کے مطابق چیکنگ نہیں کی جا رہی ہے۔اس حوالے سے کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا کہ لاہور میں قائم تمام منڈیوں میں بغیر کووڈ ماسک پہنے کسی کو داخلے کی اجازت نہیں۔ کمشنر لاہورنے کہا کہ افسران یقینی بنائیں کہ منڈیوں کے کاونٹرز پر کووڈ ماسک کی دستیابی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ایم سی ایل افسران اور پولیس محکمہ صحت کے جاری کردہ آرڈر پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔