راحت فتح علی خان اور نوید ناشاد کے گانے نے نئی تاریخ رقم کردی

July 05, 2022

عالمی شہرت یافتہ گائیک استاد راحت فتح علی خان اور موسیقار نوید ناشاد نے ڈراموں کے ٹائٹل سونگ کی دنیا میں نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

جیو اور سیونتھ اسکائی کے سپر ہٹ ڈرامے’’خدا اور محبت‘‘ کے ٹائٹل گیت ’’تَن جُھوم جُھوم‘‘ نے یوٹیوب پر 200 ملین کی تعداد عبور کر کے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

اس طرح یہ موسیقار نوید ناشاد کا کمپوز کیا ہوا اور استاد راحت فتح علی خان کی آواز سے سجایا ہوا گیت’’تَن جُھوم جُھوم‘‘ نے نئی تاریخ رقم کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی ڈراما سیریل ’’خدا اور محبت‘‘ کے اوریجنل ساؤنڈ ٹریک یعنی ’’او ایس ٹی‘‘ نے یوٹیوب پر تاریخ رقم کر دی۔

دل کو چھولینے والے اس گانے نے یوٹیوب پر 200 ملین ویوز عبور کر لیے ہیں۔ یہ کسی بھی پاکستانی ڈرامے کے او ایس ٹی کو یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھے جانے کا ریکارڈ ہے۔

ڈرامہ ’’خدا اور محبت‘‘ کا تیسرا سیزن 2011 میں ریلیز ہونے والے خدا اور محبت ڈرامے کا سیکوئل ہے، جسے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹی وی اور یوٹیوب کے ذریعے کروڑوں لوگوں نے دیکھا ہے۔

’’خدا اور محبت‘‘ میں اداکار فیروز خان اور اقراء عزیز نے مرکزی کردار ادا کیے، جب کہ ڈرامے کے پروڈیوسر عبداللّٰہ کادوانی اور اسد قریشی اور گانے کے دل آویز بول معروف شاعر قمر ناشاد نے لکھے۔