لاپتا 5 سالہ بچے کو بہرصورت بازیاب کیا جائے، ہائیکورٹ

July 06, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے لیاری سے 5سالہ بچے مزمل شاہ کو بہر صورت بازیاب کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو لیاری سے5سالہ مزمل شاہ کی بازیابی کے لئے والد کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ 5سالہ مزمل چاکیواڑہ سے اغوا ہوا۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ دشمنی تھی یا تاوان کے لیے اغوا کیا گیا؟ عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے عزیز و اقارب سے تحقیقات کیں؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ پوری کوشیش کی جا رہی ہیں جلد بازیاب کرا لیں گے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ 5 سالہ بچے کے اغوا کا مقصد تاوان یا دشمنی نکلتی ہے۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ مسئلہ یہ ہے کہ پولیس کام نہیں کرتی۔ عدالتیں پولیس کو ہدایت ہی جاری کرسکتی ہیں۔ 5 سال کا بچہ آپ نہیں ڈھونڈ پارہے۔ اس کیس کو سنجیدہ لیں گے، آپ بچہ بازیاب کروائیں۔ عدالت نے پولیس کو بچے کو بہر صورت بازیاب کرنے کا حکم دے دیا۔