5 جولائی قومی تاریخ کا سیاہ ترین دن، آمر نے منتخب حکومت کا خاتمہ کیا، پی پی

July 06, 2022

کراچی،اسلام آباد(نیوزایجنسیاں، نمائندہ جنگ) پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو شہید کے افکار کے مطابق جمہوریت کو مضبوط کرکے ملک کو فلاحی ریاست بنائینگے،5جولائی کے موقع پر پیغام میں آصف زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے ہمیشہ ملک کو مشکلات سے نکالا، جب بھی آئین و جمہوریت پر حملہ ہوا ہے پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے دفاع کیا، جمہوریت ہمیں کبھی بھی تحفے میں نہیں ملی، جمہوریت کی خاطر جیالوں نے تختہ دار بھی قبول کیا ہے۔ وزیر خارجہ و چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 5 جولائی 1977ء قومی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، آج کے دن ڈکٹیٹر نے پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا خاتمہ کیا تھا، ضیاء الحق نے پاکستان کی سیاسی، معاشرتی زندگی میں لسانیت و فرقہ واریت کی سوچ کا زہر گھولا، شہید بھٹو کو سیاسی منظر سے ہٹانے کیلئے عدالتی قتل کا سٹیج تیار کیا گیا۔