پیپلز بس سروس، عیدالاضحیٰ کے بعد مزید 3 روٹس پر بسیں چلائی جائیں گی

July 06, 2022

کراچی (اعجاز احمد/اسٹاف رپورٹر) انٹرا ڈسٹرکٹ پیپلز بس سروس کے تحت عید الاضحیٰ کے فوراً بعد مزید 2سے 3روٹس پر پیپلز بس سروس شروع کردی جائے گی، جب کہ کلفٹن تک روٹ پر بسیں چلانے کے لیے بھی فزیبلیٹی رپورٹ تیار کی جارہی ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سندھ الطاف ساریو نے جنگ کو بتایا کہ 2روٹس R-1ور R-2 پر پیپلز بس سروس کے کام یاب آغاز کے بعد جلد ہی عید الاضحی کے فوراً بعد مزید 2سے 3روٹس پر بس سروس کا آغاز کردیا جائے گا، جن کے ذریعے شہریوں کو بہترین، آرام دہ اور پرسکون سفری سہولتیں میسر آسکیں گی۔ نیز ساحل سمندر پر تفریح کے خواہش مند شہریوں کے لیے بھی کلفٹن تک ایک روٹ پر بسیں چلائی جائیں گی۔ واضح رہے کہ پیپلز بس سروس کے روٹ R-3پر ناگن چورنگی، نارتھ کراچی سے سنگر چورنگی، کورنگی تک، R-4نارتھ کراچی تا ڈاکیارڈ، R-5سرجانی ٹائوں تا پی اے ایف بیس مسرور، R-6 گلشن بہار، اورنگی ٹائون تا سنگر چورنگی، کورنگی اور روٹ R-7پر موسمیات، گلزار ہجری سے بلدیہ ٹائون تک بسیں چلائی جائیں گی۔