شو کا آئیڈیا کس نے چوری کیا، تابش ہاشمی کا اہم انکشاف

July 06, 2022

جیو نیوز کے شو ’ہنسنا منع ہے‘ کے میزبان تابش ہاشمی نے شو کے کانسیپٹ کے حوالے سے کی جانے والی قیاس آرائیوں کا جواب دے دیا۔

ڈیجیٹل میڈیا سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے کامیڈین اور میزبان تابش ہاشمی نے حال ہی میں جیو ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے شو ’ہنسنا منع ہے‘ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر کیے جانے والے تبصروں سے متعلق گفتگو کی۔

ان کا کہنا ہے کہ بھارتی چینل کا پروگرام ’دی کپل شرما شو‘ اور جیو نیوز کا پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ کے سیٹ ایک دوسرے سے کچھ مُماثلت ضرور رکھتے ہیں لیکن دونوں شوز میں کئی چیزیں مختلف ہیں۔

تابش ہاشمی نے کہا کہ بھارتی پروگرام کے سیٹ پر دہلی جبکہ پاکستانی پروگرام میں لاہور کے رنگ دکھائے گئے ہیں، ناظرین کو محسوس ہونے والی مُماثلت کی وجہ یہی ہے کہ دونوں شہر ایک جیسے لگتے ہیں۔

انہوں نے شو کے کانسیپٹ کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ایک اسٹیج پر سیٹ لگا کر کامیڈی ہو رہی ہے، یہ پاکستانی کانسیپٹ ہے، یہ عمر شریف کا، امان اللّٰہ کا، ہمارا تصور ہے جسے دی کپل شرما شو نے چوری کیا ہے‘۔

تابش ہاشمی نے کہا کہ اس پروگرام کی تشہیر اور پروڈکشن پر اتنی سرمایہ کاری کی گئی ہے کہ یہ کانسیپٹ ان کا محسوس ہورہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کپل کا شو ہفتے میں ایک بار جبکہ ہمارا شو 3 بار ہوتا ہے، کپل شرما کے شو میں مہمانوں کو اسکرپٹ بھیجا جاتا ہے، ریہرسل کی جاتی ہے، پھر شو کیا جاتا ہے۔