بارشوں سے اموات 77 ہوگئیں، بلوچستان سب سے زیادہ متاثر، شیری رحمٰن

July 07, 2022

اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ ملک میں حالیہ مون سون کے دوران معمول سے 87فیصد زیادہ بارشیں ہوئیں‘پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا چھٹا ملک بن گیا ہے‘مون سون میں 14جون سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 77ہوگئی ہے‘بلوچستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ۔بدھ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیری رحمن نے کہا کہ پری مون سون جون میں شروع ہوا جس میں زیادہ بارش ہوئیں اور اس موسم میں شدید گرمی کی لہر کی وجہ سے گلیشیئل جھیل آئوٹ برسٹ فلڈ (گلف) کے 16واقعات ریکارڈ کیے گئے ہیں جو پہلے اوسطا ًصرف پانچ سے چھ واقع ہوتے تھے۔ملک میں مجموعی طور پر اوسط سے زیادہ 87 فیصد زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئیں اور یہ تناسب آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) میں 49فیصد، خیبر پختونخواہ میں 28فیصد، پنجاب میں 22 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔مون سون کی معمول سے زیادہ بارشیں بلوچستان اور سندھ میں ہوئیں جن میں معمول سے 274فیصد اور 261فیصد زیادہ بارش ہوئی۔انہوں نے خبردار کیا کہ مون سون کا پہلا اسپیل 29جون کو شروع ہوا اور اس کے مزید برقرار رہنے کاامکان ہے۔بلوچستان میں مون سون بارشوں کی وجہ سے 39 اموات ہوئی ہیں جبکہ موسم اب شمال سے بلوچستان کی طرف منتقل ہو رہا ہے۔