حُسن کی حفاظت ضروری، مگر کیسے؟

July 22, 2022

رمیشا ناصر

ماہرین حسُن کا کہنا ہےجس طرح خوب صورت تصویر بنانے کے لیے عمدہ اورصاف ستھرے کینوس کی ضرورت ہوتی ہے، بالکل اسی طرح خوب صورت نظر آنے کے لیے صاف، شفاف صحت مند جِلدکا ہونا بہت ضروری ہے۔ جِلد کو اس کی بہترین حالت میں رکھنے کے لیے روزانہ کلینزنگ (خواہ آپ میک اپ کرتی ہوں یا نہیں) اسے نرم ونازک اور عمر کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے موسچرائزنگ ،ٹوننگ وغیرہ بہت ضروری ہے۔ لیکن یہ اسی صورت میں کارآمد ثابت ہوسکتی ہیں جب آپ جِلد سے مطابقت رکھنے والی مصنوعات استعمال کریں۔ ذیل میں ہم چند چیزوں کے بارے میں بتا رہے ہیں، یاد رکھیں مصنوعات کا صحیح انتخاب بھی آپ کے چہرے کو نکھارے گا۔

کلینزر: کلینزر جِلد کو صاف ستھرا اور شاداب رکھنے کے لیے بنیادی کام کرتا ہے۔ اسے خریدنے سے پہلے اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ اسے کس شکل میں خریدنا چاہتی ہیں۔ بازار میں کریم، کریمی لیکویڈ، ملک جیل، صابن وغیرہ کی شکل میں کلینز ر دست یاب ہیں۔ آپ اپنی جِلدکے مطابق ان کا انتخاب کریں۔

کریم : خشک یا حسّاس جِلد کے لیے کریم کی شکل میں کلینزر مناسب رہتے ہیں۔ انہیں انگلیوں کے پور کی مدد سے چہرے پر پھیلا کر مساج کریں، پھر روئی یا ٹشو پیپر کی مدد سے اسے صاف کرلیں۔ ایسی کریم استعمال نہ کریں جو چہرے پر جم جائے۔

کریمی لیکویڈ : کریمی لیکویڈ کی شکل میں دست یاب مصنوعات دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال کی جاتی ہیں۔ یہ جِلد کی تمام اقسام کے لیے دست یاب بھی ہوتی ہیں۔ اسے چہرے پر لگانے کے بعد ہلکا سامساج کر یں۔ پھر روئی یا ٹشو پیپر کی مدد سےاسے صاف کردیں۔

مِلک : چکنی جِلدکے لیے مِلک کلینزر مناسب رہتا ہے۔ ایسی جِلدکی حامل خواتین ہلکے کلینزنگ مِلک کا استعمال کریں۔

کلینزنگ بار : بعض خواتین صابن کا استعمال زیادہ کرتی ہیں اور اسی وجہ سے ان کی جِلد خشک ہوجاتی ہے۔ کلینزنگ بار اس مسئلے کا بہترین حل ہے۔

کریمی موئسچرائزر: یہ چِکنی جِلدکے لیے مناسب نہیں ہوتے ، کیوںکہ زیادہ تیز اثرات کے حامل ہوتے ہیں۔ اس لیے خشک جِلد کی حامل خواتین اس کا استعمال کریں۔

ٹونر : ٹونر ،کلینزر کی صفائی کا کام بھی کرتا ہے اور اسےتروتازہ بھی رکھتا ہے۔ ٹونر میں سادہ پانی سر فہرست ہے۔ یہ جِلد کو صاف کرتا ہے۔ اگر آپ منرل واٹر کا استعمال کریں تو یہ زیادہ بہتر ہوگا۔ پانی کو اسپرے کین یا بوتل میں لے کر چہرے پر اسپرے کرنے سے آپ کو جوتازگی محسوس ہوگی اس کا احساس آپ کو فوری ہوجائے گا۔ آپ اس میں عرق گلاب بھی شامل کرسکتی ہیں۔

موئسچرائزر : جِلدخواہ خشک ہویا چکنی۔ موئسچرائزر کا استعمال اس کا بہترین حل ہے۔ بازار میں دو طرح کےموئسچرائزر ملتے ہیں ۔ ایک آئل بیسڈ موئسچرائزر اور دوسرا واٹر بیسڈ۔ دونوں ہی جِلدکی تازگی بحال کرنے کاکام کرتے ہیں، مگر موئسچرائزر کا اثر عارضی ہوتا ہے۔ اس لیےجب آپ جِلد کو خشک محسوس کریں تو موئسچرائزر استعمال ضرور کریں۔

ملی جُلی جِلد کی حامل خواتین صر ف خشک حصّوں پر موئسچرائزر استعمال کریں۔ یاد رکھیں کہ آنکھوں کے اردگرد اور گردن پر موئسچرائزر لگانا کبھی مت بھولیں۔ آنکھوں کے لیےخاص موئسچرائزر بازار میں ملتا ہے، جسے صرف آنکھوں کے گرد استعمال کریں۔ گردن کے لیے زیادہ موئسچرائزر کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر آپ کم عمر ہیں تو واٹر بیسڈ موئسچرائزر استعمال کریں۔