بابراعظم کور ڈرائیو کے ماہر، نوجوان ان سے سیکھیں، ناصر حسین

August 07, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کے کور ڈرائیو کمال مہارت سے کھیلتے ہیں ۔نوجوان بیٹرز کو کور ڈرائیو سیکھنی ہو تو انہیں بابراعظم کو کھیلتے دیکھنے کا مشورہ دوں گا۔ بابر اعظم میں ویرات کوہلی اور اسٹیو اسمتھ جتنی صلاحیت ہے لیکن وہ توجہ نہیں ملتی ہے جس کے وہ حقدار ہیں۔بابر وائٹ بال ہی نہیں ریڈ بال کرکٹ میں بھی ورلڈ کلاس ہیں۔ ایان بیل، کین ولیم سن، کے ایل راہول، جو روٹ اور بابر اعظم بہترین کور ڈرائیو کھیلتے ہیں۔ میں ویرات کوہلی کو منتخب نہ کرسکا اس لئے بھارتی کرکٹ مداحوں سے معذرت کرتا ہوں۔ انہوں نے آئی سی سی کے ویب شو ماسٹر کلاس میں سوئنگ کے خلاف کور ڈرائیو کھیلتے وقت بابراعظم کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جب گیند باہر کی جانب سوئنگ ہو رہی ہو تو بابراعظم سوئنگ کے ساتھ بہتر طریقے سے کھیلتے ہیں۔